سانحہ نیوزی لینڈ :الحربی کی جنت البقیع میں تدفین
مدینہ منورہ۔۔۔نیوزی لینڈ کی مسجد النور میں جمعہ کی نماز کے دوران دہشتگرد حملے میں جاں بحق ہونیوالے سعودی شہری محسن الحربی کی نماز جنازہ جمعہ کو مسجد نبوی میں ادا کی گئی ۔جنت البقیع میں تدفین عمل میں آئی۔نیوزی لینڈ میں ایک اور تعزیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں او آئی سی کا اعلیٰ سطح کا وفد اور سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر شریک ہوئے۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے 59ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے قتل عام میں ہلاک ہونیوالوں کے اعزہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
اخبار 24 اور سبق کے مطابق عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی تعزیتی تقریب میں شریک ہوئے ۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم موجود تھیں ۔ انہوں نے اس موقع پر مسلم کمیونٹی سے بھر اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ سانحہ کا غم لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا ۔ نیوزی لینڈ میں نسل پرستی ، تشدد اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ۔ سانحے میں مرنیوالے ہمیشہ ہماری یادوں میں رہیں گے ۔ اس واقعہ کے بعد ہم نئے عزائم سے آگے بڑھیں گے۔