نیو یارک ..ہالی ووڈ کی اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکارہ اوراقوام متحدہ کی مندوب برائے پناہ گزین انجلینا جولی نے افغان امن مذاکرات میں افغان خواتین کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ رائٹر کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزراءاور سفارت کاروں سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں ہزاروں خواتین نے حال ہی میں ایک جگہ جمع ہوکر اپنی زندگی کولاحق خطرے سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ امن مذاکرات میں اپنے اور بچوں کے حقوق کی ضمانت چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق پامال کرکے افغانستان سمیت دنیا کے کسی حصے میں امن و استحکام نہیں آسکتا۔ امن مذاکرات میں خواتین کو شامل کرنے سے متعلق عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکر ہے ۔
دوسری جانب امریکی کانگریس میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں انتباہ کیا گیا ہے کہ طالبان اور ان کے اہل خانہ کو افغان معاشرے میں ضم کرنے میں ناکامی سے امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اسپیشل انسپکٹر جنرل برائے افغانستان بحالی کی سالانہ رپورٹ میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن سمجھوتہ ہونے کی صورت میں 3 خطرات کی جانب نشاندہی کی گئی۔ طالبان اور ان کے اہل خانہ کوافغان معاشرے میں ضم کرنے ، قانون نافذ کرنے والے شہری اداروں کی بہتری اور غیر ملکی امداد پر موثر نگرانی کو یقینی بنانے میں ناکامی متوقع امن معاہدے کو خطرے میں ڈال سکتی ہے ۔