Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست افسوسناک لیکن 5 سنچریوں پر اطمینان“

شاہد عباسی۔ اسلام آباد
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھرآسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں پانچ -صفر کی بدترین شکست کے باوجود ٹیم کے مستقبل اور کرکٹ ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔ 
منگل کے روز لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکرکٹ ٹیم کی حالیہ شکست کو افسوسناک قرار دیا اور ساتھ ہی پاکستانی کرکٹرز کی سیریز میں پانچ سنچریاں بنانے اور ایک فاسٹ بالر کی دریافت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اولین ترجیح ہے اور ٹیم کے تمام سینیئر کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 14 اپریل کوکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔
متحدہ عرب امارات میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کے دوران یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستانی ٹیم کے 16 کھلاڑیوں میں سے پانچ فٹنس ٹیسٹ میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر میں عماد، وسیم، اوپنر عابد علی، عمر اکمل، فاسٹ بالر محمد حسنین اور سپنر یاسر شاہ کے نام فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔
کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ  آسٹریلیا کے خلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو پرکھنے کا موقع تھا اور توجہ ملنے پر یہ کھیلاڑی زیادہ بہترنتائج دے سکیں گے۔
قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے  کوچ نے کہا کہ عمر اکمل بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اورمحمد عامر بڑے مقابلوں کا اہم بالر ہے تاہم ان کی فارم اچھی نہیں تھی۔
2002 کے بعد پاکستان کے خلاف مسلسل چھٹی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے والی آسٹریلین ٹیم اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو تین مرتبہ وائٹ واش شکست دے چکی ہے۔
آنے والے دنوں میں ٹیم کی کامیابی  کے حوالے سے  پرامید مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ میں گیارہ میچز کھیلیں جائیں گےجو اہم ایونٹ کوتیاری کا عمدہ موقع دیں گے۔
رواں سال ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ سے قبل پاکستان ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔جہاں قومی ٹیم میزبان انگلش سائیڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کے علاوہ ایک ٹی ٹونٹی بھی کھیلے گی۔ دورہ انگلینڈ کے دوران کینٹ اور نارتھمپٹن شائر کے خلاف دو میچوں کے علاوہ افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

شیئر: