سوڈان : فوجی کونسل میں تبدیلی، فوج کا سربراہ تبدیل
سوڈان کی ملٹری کونسل نے کرنل جنرل ہاشم عبدالمطلب احمد ببکرکو نیا آرمی چیف اور کرنل جنرل محمد عثمان الحسین کو ڈپٹی چیف آف سٹاف تعینات کیا ہے۔
پیر کو سوڈان کی ملٹری کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملٹری کمانڈ کونسل کی تشکیل نو کی گئی ہے۔
اس اعلان سے قبل ملٹری کونسل کے سربراہ اور وزیر دفاع عوض بن عوف اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔
سوڈان کی ملٹری کونسل کی تشکیل نو ملک میں سول حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد کی گئی ہے۔
دوسری جانب دارالحکومت خرطوم میں فوجی ہیڈ کوارٹر کے سامنے بیٹھے مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہیں منتشر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جلد سے جلد حکومت کے انتظامی امورعوام کو دئیے جائیں۔ مظاہرین نے عوام پر زور دیا ہے کہ ملک میں سول حکومت کے قیام تک مارچ جاری رکھا جائے۔
جمعرات کو ملک میں جاری مظاہروں کے بعد سوڈان کی فوج نے انتظامی امور سنبھال لیاتھا اور3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
فوج نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد آنے والے 2برسوں میں سول حکومت قائم کر دی جائے گی۔
سوڈان کے سابق حکمران عمرالبشیر کی حکومت کے خلاف گزشتہ کئی ماہ سے احتجاج جاری تھا۔ عمر البشیر کی 30 برس کی حکمرانی کے خاتمے کے لئے سوڈان میں مظاہرے کئے جارہے تھے ۔
مظاہرین ملک میں خوراک کی قیمتوں میں اضافے اور ملک کی کمزور معیشت کے خلاف سڑکوں پر نکل کر عمر البشیر سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد عمر البشیر کو حراست میں لیا گیا تھا۔
سوڈان کے سابق سربراہ عمر البشیر پر انسانیت کے خلاف جرم اور قتل عام کے الزامات ہیںاور ماضی میں عالمی عدالت انصاف ان کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کر چکی ہے۔