Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی کابینہ میں ردوبدل، اہم وزارتوں کے وزیر تبدیل

پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے پہلاپارلیمانی سال مکمل ہونے سے قبل ہی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے خزانہ، داخلہ اور اطلاعات کی اہم وزارتوں کے قلمدان نئے وزرا کو سونپے ہیں۔
 جمعہ کی صبح بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے وزارت داخلہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں ۔
جمعرات کو اسد عمر کے مستعفی ہونے کے بعد حفیظ شیخ کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر برائے خزانہ لگایا گیا ہے۔ 
حفیظ شیخ پیپلز پارٹی کے دور میں سنہ 2010 سے سنہ 2013 تک وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ 
شہریار آفریدی وزیرمملکت برائے داخلہ تھے اور وزارت کا چارج وزیراعظم عمران خان نے اپنے پاس رکھا تھا تاہم اب بریگیڈیئر ریٹائرڈاعجاز شاہ کو داخلہ امور کا وفاقی وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ 
اعجاز شاہ ماضی میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو میں کام کر چکے ہیں۔ ان پر سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی جانب سے اپنے قتل کی سازش کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔
اعجاز شاہ کو کچھ دن قبل ہی پارلیمانی امور کو وزیر لگایا گیا تھا۔ انہوں نے گذشتہ دنوں ایک تقریر میں ’غیر قانونی مظاہرے کرنے والوں کی چھترول‘ کا بھی کہا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے ان کو تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔ 
فواد چوہدری سے اطلاعات کی وزارت لے کر انہیں سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت دی گئی ہے جبکہ ان کی جگہ فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کا مشیر برائے اطلاعات لگایا گیا ہے۔ 
ٹیکسلا سے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ہرا کر پارلیمنٹ میں آنے والے غلام سرور خان سے پیٹرولیم کی وزارت لے کر انہیں ہوابازی کا وزیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ندیم بابر کو وزیراعظم کا پیٹرولیم ڈویژن کے لیے خصوصی مشیر تعینات کیا گیا ہے۔ 
تحریک انصاف کی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے نتیجے میں سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نجکاری کے وفاقی وزیر بن گئے ہیں۔ 
اس سے قبل انہوں نے وزیر مملکت کا حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا اور ایوان صدر حلف اٹھانے نہیں آئے تھے۔ 
ڈاکٹر ظفراللہ مرزا کو وزیراعظم کا ہیلتھ سروسز پر خصوصی مشیر لگایاگیا ہے جبکہ شہر یار آفریدی سیفران کی وزارت سنبھالیں گے۔ 
سوشل میڈیا پر ان تبدیلیوں پر ملاجلا ردعمل سامنے آیا ہے تاہم پہلی بار تحریک انصاف سے وابستہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نئے وزرا کے انتخاب پر تنقید کر رہے ہیں۔ 
 بعض صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ نئی کابینہ میں ”تحریک انصاف کا اپنا وزیر کون ہے؟“
حمزہ ہارون نامی صارف نے اسد عمر کے ہٹائے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا کہ 'تحریک انصاف کی حکومت سے امیدیں ہیں مگرہم نے اسدعمر کو ووٹ دیا تھا۔'  

شیئر: