آپ نے لوگوں کو سیلفی لینے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگاتے ہوئے تو دیکھا ہوگا، لیکن اب شادی شدہ جوڑے بھی اپنی زندگی کے خوبصورت لمحات کو یادگار بنانے کے لیے نت نئے حربے استعمال کر رہے ہیں۔
بعض لوگوں کے لیے فوٹو شوٹ ایک اچھا تجربہ ثابت ہوتا ہے اور کئی لوگوں کو اس کام میں لینے کے دینے بھی پڑ جاتے ہیں۔
انڈیا کی ریاست کیرالا میں حال ہی میں ایسے ہی ایک فوٹو شوٹ کے دوران ہوئے حادثے کی وڈیو انٹرنٹ پر گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جوڑا دریا میں ایک چھوٹی لیکن لمبی سی کشتی پر بیٹھا ہے۔ ان کے ہاتھ میں کیلے کے درخت کا بڑا سا پتا ہے جسے انہوں نے چھتری کی طرح اپنے سروں پر رکھا ہوا ہے اور فوٹو گرافر دھڑا دھڑ تصویریں کھینچتا چلا رہا ہے کہ اچانک توازن خراب ہونے سے کشتی دریا میں الٹ جاتی ہے۔ تاہم آس پاس کھڑے لوگ انہیں جلدی سے باہر نکال لیتے ہیں۔
اس سے قبل انڈیا ہی سے ایک اور منفرد فوٹو شوٹ کی تصویر انٹرنٹ پر گردش کر رہی تھی جس میں فوٹو گرافر درخت سے الٹا لٹک کر جوڑے کی تصویریں لے رہا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین میں چھپنے والے ایک آرٹیکل میں چین میں ہوئے منفرد فوٹو شوٹ کی تصویر ہے جس میں دلہا اور دلہن نے پانی کے اندر جا کر تصویر کھچوائی ہے۔ ایڈیٹنگ کے بعد اس تصویر میں آبی حیات کو شامل کر دیا گیا ہے۔