Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا:'بم دھماکوں میں مقامی شدت پسند تنظیم ملوث ہو سکتی ہے'

سری لنکا نے کہا ہے کہ مسیحیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر پر کیے گئے بم دھماکوں میں مقامی مذہبی شدت پسند تنظیم' نیشنل توحید جماعت' ملوث ہو سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو حکومتی ترجمان راجھیتا سنارتنے نے کہا ہے تفتیش کار یہ دیکھ رہے تھے کہ 'کیا اتوار کو گرجا گھروں اور ہوٹلوںپر حملوں میںنیشنل توحید جماعت کو بین الاقوامی معاونت حاصل تھی ۔'
خبر رساں ادارے کے مطابق نسلی اور مذہبی فسادات کے خطرے کی وجہ سے سری لنکن حکام نے حراست میں لیے گئے 24 افراد کے بارے بہت کم تفصیلات فراہم کی ہیں۔
اتوار کو سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں میں290  افراد ہلاک ہو ئے تھے جس کے بعد پولیس نے 24 مشتبہ افراد کوحراست میں لیا ۔ 
سری لنکن پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق اتوار کو ہونے والے آٹھ دھماکوں میں 500افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف دھماکوں کے فوری بعد ملک بھر میں لگائے گئے کرفیو کو پیر کی صبح چھ بجے اٹھا لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کو دو مختلف مقامات پر رکھا گیا ہے۔
 راجھیتا سنارتنے نے کہا ہے کہ بین الاقوامی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے 4 اپریل سے قبل کئی بار حملوں کے بارے میں خبردار کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ وزارت دفاع کی جانب سے پولیس چیف کو مطلع کیا گیا تھااور ساتھ میں معلومات بھی شیئر کی گئی تھی جس میں اس شدت پسند گروپ کا نام بھی تھا۔
اس سے قبل پولیس کے مطابق اتوار کو مختلف مقامات پر ہونے والے آٹھ بم دھماکوں میں سے کم از کم دو خود کش دھماکے تھے۔ جبکہ ایک گھر پر پولیس چھاپے کے دوران ایک گھر میں موجود مبینہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے ایک بم کولمبو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب پائپ میں نصب کیا ہوا تھا جسے سری لنکا کی ائیرفورس نے بروقت ناکارہ بنا دیا ۔
 ائیر فورس کے ترجمان جیہان سینیورتنے کا کہنا تھا کہ بم دیسی ساختہ تھا جو ائیر پورٹ کے مرکزی ٹرمینل کو جانے والی سڑک پر ایک پائپ میں نصب تھا۔
کولمبوانٹر نیشنل ائیر پورٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کی بنا پر مسافروں کو فلائیٹ سے کم از کم چار گھنٹے قبل آنے کا کہا جا رہا ہے۔
دوسری طرف سعودی ایئر لائن نے کہا ہے کہ سری لنکا میں سعودی ایئر لائن کی ایک ایئر ہوسٹس زخمی ہوگئی جبکہ عملے سے تعلق رکھنے والا ایک شخص لاپتہ ہے جس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
سری لنکا میں ہونے والی خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد پچھلے دس سالوں میں یہ سب سے بدترین حملے تھے جو منظم طریقے سے دارلحکومت سمیت تین مختلف شہروں میں کیے گئے تھے۔
 سری لنکا میں خانہ جنگی کے دوران ایک لاکھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
 

شیئر: