Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان نشریات:شوبز شخصیات پر پابندی کی قرار داد منظور

پاکستان  کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی نے ایک قراردار منظور کی ہے جس میں وفاقی حکومت کے ادارے پیمرا  سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ رمضان کے مہینے میں ٹی وی چینلز کو ایسی مذہبی نشریات کرنے سے روکا جائے جس میں شوبز کے ستارے میزبانی کے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔
 پنجاب اسمبلی میں یہ قرار داد اہل سنت والجماعت کے ایم پی اے مولانا معاویہ اعظم کی طرف سے پیش کی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پراس قرارداد کو منظور کیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند برسوں سے ٹی وی چینلز رمضان کی نشریات ان میزبانوں سے کروا رہے ہیں جو عام دنوں میں صبح یا شام کے پروگراموں میں ناچ گانے کو فروغ دیتے ہیں اور ایسے میزبان زیادہ تر شوبز کی صنعت سے تعلق رکھتے ہیں۔
 قرار داد میں شوبز سے وابستہ  افراد سے رمضان نشریات کروانے کو افسوس ناک عمل قرار دیا گیا ہے۔
 قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’ ایوان پیمرا کو تاکید کرتاہے کہ وہ ٹی وی چینلز کو پابند کرے کہ وہ شوبز سے وابستہ لوگوں کو رمضان نشریات میں بالکل شامل نہ کرے۔‘
 قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ یہ ٹرانسمیشن ایسے لوگوں کو دی جائے جن کا تعلق دین اسلام سے وابستہ طبقے سے ہے۔ حکمران جماعت تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے بھی اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
رمضان کے مہینے سے قبل سوشل میڈیا پر اطلاعات گردش زیر گردش ہیں کہ اداکارہ ریما اس بارایک نجی ٹی وی چینل پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبان ہوں گی۔ اسی طرح اداکارہ وینا ملک گذشتہ چند برسوں سے نجی ٹی وی چینلز پر رمضان نشریات کی میزبانی کرتی رہی ہیں۔

 

شیئر: