پاکستان نے مزید 11 مذہبی تنظیموں پر پابندی عائد کر دی
حکومت پاکستان نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت مزید11 مذہبی تنظیموں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ہفتے کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ان تنظیموں پر جیش محمد اور فلاح انسانیت سے معاونت کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے جن تنظیموں پر پابندی عائد کی ہے ان میں الانفال ٹرسٹ لاہور، ادارہ خدمت خلق لاہور، الدعوۃ الرشاد، الحمد ٹرسٹ لاہور،فیصل آباد، الفضل فاؤنڈیشن لاہوراور موسک اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ لاہور شامل ہیں۔
ان کے علاوہ المدینہ فاؤنڈیشن لاہور، معاذ بن جبل ایجوکیشن ٹرسٹ لاہور، الایثار فاؤنڈیشن لاہور، الرحمت ٹرسٹ بہاولپور اور الفرقان ٹرسٹ کراچی بھی پابندی کا شکار ہونے والی تنظیموں میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کو فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے بہت دباؤ کا سامنا ہے اور ان تنظیموں پر پابندی بھی اسی تناظر میں عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہے اور اگر ایف اے ٹی ایف اپنی سفارشات پر عمل درآمد کے سلسلے میں مطمئن نہ ہوئی تو پاکستان کے گرے سے بلیک لسٹ میں جانے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کی کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے مطابق پاکستان کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تنظیموں کی مجموعی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
نیکٹا کی جانب سے جاری ہونے والی فہرست کے مطابق الفضل فاؤنڈیشن لاہور اور الایثار فاؤنڈیشن لاہور کالعدم تنظیم فلاح انسانیت کی ذیلی تنظیمیں ہیں۔
اس فہرست کے مطابق الانفال ٹرسٹ لاہور،ادارہ خدمت خلق لاہور،الدعوۃ الارشاد لاہور، الحمد ٹرسٹ لاہور، فیصل آباد، موسکس اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ لاہور،المدینہ فاؤنڈیشن لاہور اور معاذ بن جبل ایجوکیشن ٹرسٹ لاہور، جماعت الدعوۃ کی ذیلی تنظیمیں ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوۃ کو رواں برس 5 مارچ کو کالعدم قرار دیا تھا۔