آپ نے لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنا ہوگا کہ ’مونچھ نہیں تو کچھ نہیں‘، لیکن مونچھیں رکھنا اورانہیں سنبھالنا کافی جان جوکھوں کا کام ہے۔
بیلجیئم کی سرحد پر واقع ہیروں کی وجہ سے مشہور شہر اینٹورپ میں مونچھوں اورداڑھیوں کی عالمی چیمپئن شپ منعقد کروائی جا رہی ہے، جہاں شرکا اپنی انوکھی اور بڑی محنت سے سنواری گئی مونچھوں اور داڑھیوں سے ججز کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔
ہر دو برس کے بعد منعقد ہونے والے اس منفرد مقابلے میں دنیا بھر سے سینکڑوں شوقین افراد شرکت کرتے ہیں اور اپنی داڑھی اور مونچوں کی نمائش کرکے داد حاصل کرتے ہیں۔
اس چیمپئن شپ میں تین قسم کے الگ الگ مقابلے ہوں گے جن میں مونچھوں، پوری داڑھی اور آدھی داڑھی والے شرکا شامل ہوں گے۔
چیمپئن شپ کی نگرانی داڑھی مونچوں کی عالمی تنظیم ورلڈ بیرڈ اینڈ موسٹیشز ایسوسی ایشن کر رہی ہے اور اس مقابلے میں داڑھی اور مونچھوں کی 17 کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں۔
چیمپئن شپ میں شریک حریف مقابلے کے آغاز سے قبل ایک دوسرے کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔