’’ہمارا اخلاق دیکھ کر ایک دن تم بھی داڑھی رکھنے لگو گے‘‘
نئی دہلی ۔۔۔۔ملک میں گائے کے نام پر ہو نیوالے پُرتشدد واقعات اورہریانہ کے گروگرام میں مسلم نوجوان کی داڑھی کاٹنے پراے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نےاپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حیدر آباد میں اجلاس سے خطاب میں کہاکہ داڑھی کاٹنے والوں اور ان کے والدین سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ گلا بھی کاٹ دیں گے تو بھی ہم مسلم ہی رہیں گے۔ ہم آپ کو بھی اسلام میں شامل کریں گے اور داڑھی رکھوائیں گے۔ انھوں نےوضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کرنے والو! داڑھی کاٹنے سے ہم داڑھی رکھنا بند نہیں کر دیں گے۔ ہم اور بڑی داڑھی رکھیں گے اور اپنے اخلاق و سچائی سے تمہیں بھی اسلام میں داخل کر لیں گے۔واضح ہو کہ 31 جولائی کو گروگرام میں مسلم نوجوان کی داڑھی کاٹنے کا معاملہ پیش آیا تھا۔ مسلم نوجوان نے بتایا تھا کہ ایک سیلون میں بیٹھے2نوجوانوں نے اس کی داڑھی زبردستی منڈوادی اور منع کرنے پر اسے زدوکوب بھی کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ میں خبر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور کیس درج کر کےاس معاملے میں3 ملزمان کو گرفتارکرلیا تھا۔