مشہور اداکارہ، فلمساز اور انسانی حقوق کی کارکن انجلینا جولی نے افغان فلمسازصحرا کریمی کو افغانستان کی سرکاری فلمی صنعت ’افغان فلم‘ کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل مقرر ہونے پرمبارک باد دی ہے۔
جولی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میں کریمی کو ان کی تاریخی تقرری پر مبارک باد دیتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ یہ دنیا کے ساتھ افغان کلچر اور کہانیاں شیئر کرنے کے باب کا آ غاز ہوگا۔‘
افغان نیوز ایجنسی ’خامہ پریس‘ کے مطابق جولی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کریمی کی تقرری افغان خواتین کے ٹیلنٹ، مشکل حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت اور قابلیت کی یاد دہانی ہے۔ ’افغان خواتین میرے اور دنیا بھر کے دوسرے لوگوں کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میں افغانستان کے بہادر فنکاروں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں۔
افغانستان کے انڈیپنڈنٹ ایڈمنسٹریٹیو ریفارم اینڈ سول سروس کمیشن نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ صحرا کریمی کو افغانستان کی سرکاری فلم انڈسٹری ’افغان فلم‘ کی ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کر دیا گیا ہے۔