برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ سات جون سے مستعفی ہو رہی ہیں۔
انھوں نے بیان میں بریگزٹ کے حوالے سے کہا کہ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ برطانیہ کے بہترین مفاد میں یہ ہے کہ ایک نیا وزیراعظم ان کوششوں کی رہنمائی کرے۔
جمعے کو لندن میں سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر اپنے بیان کے اختتام پر ٹریزا مے اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔
جذباتی بیان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سنہ 2016 میں یورپی یونین ریفرنڈم کی ساکھ بچانے کی ’اپنی بہترین کوششیں کیں‘، ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے افسوس ہے کہ میں بریگزٹ پر عمل درآمد نہیں کروا سکی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’آج میں اعلان کر رہی ہوں کہ کنزرویٹو پارٹی کے رہنما کے طور پر سات جون کو مستعفی ہو جاؤں گی۔ میں نے پارٹی کے چیئرمین سے اتفاق کیا ہے کہ نئے رہنما کا انتخاب اس کے اگلے ہفتے ہو گا۔‘

ٹریزا مے نے کہا کہ ’میں نے بریگزٹ کی شرائط پر بات چیت کی اور ہر ممکن کوشش کی کہ رکن پارلیمان کو اس معاہدے پر قائل کر سکوں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ایسا نہیں کر سکی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہو سکتا ہے کہ ہماری سیاست دباؤ میں ہو لیکن اس ملک کے بارے میں ایسا بہت کچھ ہے جو اچھا ہے۔ اس پر بہت زیادہ فخر ہے۔ میں کچھ عرصے میں عہدے سے الگ ہو جاؤں گی اور اس عہدے (وزیراعظم) کو رکھنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔‘
ٹریزا مے کا سیاسی کریئر

ٹریزا مے سال انیس سو ستانوے میں میڈن ہیڈ سے رکن پارلیمان منتخب ہوئیں۔ حزب اختلاف میں رہنے ہوئے وہ متعدد عہدوں پر رہیں جس میں تعلیم کی شیڈو وزیر کا عہدہ بھی شامل تھا۔
سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دور میں وہ مئی 2010 سے جولائی 2016 تک وزیر داخلہ رہیں اور انھیں یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ کسی بھی سیاست دان نے سب سے زیادہ عرصہ یہ عہدہ رکھا۔
ٹریزامے جولائی 2016 میں ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے یورپی اتحاد سے نکلنے یا اس میں رہنے کے حوالے سے ہونے والے ریفرینڈم کے بعد وزیراعظم منتخب ہوئیں۔
وزیر اعظم ٹریزامے کے مستعفی ہونے کی ممکنہ وجوہات
