Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان: چاقو سے حملے میں ایک طالبہ سمیت دو افراد ہلاک اور 17 زخمی

ایک شخص نے چاقوسے وار کر کے ایک سکول طالبہ کو قتل کر دیا۔ تصویر: اے ایف پی
جاپان میں ایک شخص نے چاقو سے وار کر کے 17 افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک شخص اور سکول کی 12 سالہ طالبہ ہلاک ہوگئی ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ حملہ آور نے خود کو بھی چاقو مار کر شدید زخمی کر لیا اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق منگل کو ایک شخص نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے جنوب میں واقع شہر کاواساکی میں چاقو سے حملہ کر کے ایک طالبہ سمیت دو افراد کو ہلاک اور 17 افراد کو زخمی کر دیا جن میں سے زیادہ تر سکولوں کے بچے ہیں۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشکوک شخص کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے خود پر چاقو سے وار کیے۔ جاپان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زخمی حملہ آور بعد میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق فوری طور پر حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں صبح 7 بج کر 44 منٹ پر ایک ہنگامی کال کے ذریعے معلوم ہوا کہ ایلیمنٹری سکول کے چار طلبہ کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشکوک شخص کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے خود پر چاقو سے وار کیے۔ 
چاپان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کی جگہ سے دو چاقو بھی ملے ہیں تاہم سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی۔
ایک مقامی ٹی وی نے حملے کے مقام پر ایمبولینسیں اور فائر انجن گاڑیاں دکھائی ہیں جبکہ ہنگامی طبی امداد کے خیمے بھی لگا دیے گئے۔

طبی عملہ اور امدادی کارکن زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ تصویر روئٹرز

’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ واقعہ شہر میں بس سٹاپ کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہد نے کہا کہ ’صبح ایمبولینس کے سائرن سنے اور ایک شخص کو زخمی حالت میں بس سٹاپ کے قریب پڑے دیکھا جس کا خون بہہ رہا تھا۔‘
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ’ایلیمنٹری سکول کے قریب ایک اور بس سٹاپ کے پاس سکول کے بچوں کو بھی میدان میں لیٹے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوفزدہ کر دینے والا واقعہ ہے۔‘
جاپان میں یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان کے سرکاری دورے پر ٹوکیو میں ہیں اور انہوں نے منگل کو ٹوکیو سے باہر امریکی بیسز کا دورہ بھی کرنا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکی عوام جاپان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی دعائیں اور ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘
جاپان کا شمار ان ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے جہاں جرائم اور پرتشدد واقعات کی شرح بہت کم ہے اور ایسے اکا دُکا واقعات ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔  
سنہ 2018 میں وسطی جاپان میں ایک شخص نے بلٹ ٹرین میں چاقو سے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ریل میں نئے سکیورٹی اقدامات تجویز کیے گئے تھے۔
سنہ 2016 میں ایک شخص نے ٹوکیو کے جنوب میں معذور افراد کے ادارے میں چاقو سے حملہ کر کے 19 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ حملہ آور کا کہنا تھا کہ ’دنیا کو ذہنی معذور افراد سے پاک کرنا اس کا مشن ہے۔‘  

شیئر: