ورلڈ کپ: کھلاڑیوں کی فٹنس اور بارش سے تماشائی مایوس ہونے لگے
ورلڈ کپ: کھلاڑیوں کی فٹنس اور بارش سے تماشائی مایوس ہونے لگے
جمعرات 13 جون 2019 3:00
ندیم ذکاء آغا -اردو نیوز ، جدہ
شائقین گراؤنڈ میں میچ دیکھنے آتے ہیں تو ان کی خواہش ہوتی ہے کہ دلچسپ اور کانٹے کے مقابلے ہوں۔ سخت مقابلے کے لیے اچھا موسم اور فٹ کھلاڑی ضروری ہیں مگر حالیہ ورلڈ کپ میں جہاں موسم ناقابل اعتبار ہے وہیں سٹار کھلاڑی بھی فٹنس مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔
انگلینڈ میں جاری کرکٹ کے عالمی کپ میں تماشائی پہلے جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین کو ایکشن میں دیکھنے سے محروم ہوئے پھر انڈیا کے شیکھر دھون بھی انگوٹھے پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔
افغانستان کے شہزاد محمدی اور آسٹریلیا کے مارکس سٹونس بھی فنٹس مسائل سے دوچار ہوئے۔
انڈیا کے ’گبر‘ پاکستان کے خلاف نہیں کھیلیں گے
پاکستان مانچسٹر میں اولڈ ٹریفورڈ کے گرائونڈ پر 16 جون کو اپنے پانچویں میچ میں روایتی حریف انڈیا کا سامنا کرے گا لیکن عالمی کپ کے اس 22 ویں میچ میں پاکستان کوحریف ٹیم کے جارح مزاج بائیں ہاتھ کے بلے باز ’گبر‘ کا سامنا نہیں کرنا ہوگا کیونکہ آسٹریلوی فاسٹ بولر پٹ کمنز کی ایک اٹھتی ہوئی گیند گذشتہ میچ میں ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی۔
33 سالہ بھارتی اوپنر شیکھر دھون کو ٹیم میں ’گبر‘ اور ’جاٹ جی‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ انہیں ڈاکٹروں نے کم از کم مزید دو میچ کھیلنے سے روک دیا ہے۔
اںڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق بائیں ہاتھ کے بلے باز شیکھر دھون انگلینڈ میں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی قومی ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور ان کا متبادل اوپنر نہیں بھیجا جائے گا۔
شیکھر دھون نے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف خوبصورت اننگز کھیلتے ہوئے 16چوکوں کی مدد سے 117رنز بنائے اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ شیکھر دھون کا ورلڈکپ سے اخراج بھارتی ٹیم کے لیے زبردست دھچکا ہے۔
افغان وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد بھی ورلڈ کپ سے باہر
قدرے بڑھی ہوئی توند اور پہلوانوں کی ڈیل ڈول رکھنے والے افغانستان کے وکٹ کیپر، بیٹسمین محمد شہزاد گو کہ اپنی مکمل فٹنس پر بضد ہیں تاہم افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں۔
عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ ہم نے آئی سی سی کو شہزاد کی ان فٹ ہونے کی میڈیکل رپورٹ دی ہے جس کے بعد ہمیں محمد شہزاد کے متبادل کھلاڑی اکرام علی خیل کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت ملی۔
افغان ٹیم کے چیف ایگزیکیٹو کا مزید کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچوں میں شہزاد مکمل طور پر فٹ نہیں تھے۔ ’وہ پاکستان کے خلاف وارم اپ میچ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے ان کے فٹنس مسائل کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔‘
محمد شہزاد کو فوراً ملک واپس بھیج دیا گیا جہاں ان کا اپنی فٹنس پر آنسو بہاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اگر بورڈ مجھے کھلانا نہیں چاہتا تو بتادے۔ میں کرکٹ ہی چھوڑنے کو تیار ہوں۔‘
آسٹریلیا کے آل رائونڈر مارکس سٹونس ان فٹ
آسٹریلیا کے 29 سالہ آل رائونڈر مارکس سٹونس بھی ورلڈ کپ میں ان فٹ ہو جانے کے باعث پاکستان کے خلاف میچ سے باہر رہے۔ انڈیا کے خلاف میچ میں سٹونس کی کمر میں خطرناک بل پڑ گیا تھا جس کی وجہ سے وہ مزید کھیلنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ ان کی جگہ آسٹریلیا نے مچل مارش کو طلب کیا ہے تاہم آئی سی سی کو ٹیم میں اس تبدیلی کے لیے تاحال درخواست نہیں دی گئی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے سٹونس کے زخمی ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اب ٹیم کی ترتیب میں تبدیلی کرنا ہوگی۔ کپتان فنچ نے کہا کہ مچ مارش کو مارکس سٹونس کے زخمی ہونے کی وجہ سے انگلینڈ بلا لیا گیا ہے لیکن سٹونس ایک اہم جگہ پر کھیلتے ہیں اور بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں کارآمد ہیں۔ مارکس سٹونس کب صحت یاب ہو ں گے اس کی یقین دہانی نہیں کرائی جا سکتی۔
جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین بھی زخمی
ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل جاری انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلتے ہوئے کندھے کی انجری کے باعث جنوبی افریقہ نے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو آرام کا موقع دیا تھا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور سکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود انہیں ڈراپ ہونا پڑا۔
125 ون ڈے کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے تجربہ کار اٹیکنگ بولر کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بیورون ہینڈرکس کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
ڈیل سٹین کے ٹیم میں نہ ہونے سے جہاں ان کے پرستاروں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا وہیں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بھی زبردست دھچکہ لگا ہے۔ ورلڈکپ میں جیت کی دیوی تاحال جنوبی افریقہ سے روٹھی ہوئی ہے۔
ورلڈکپ میں بارش کے باعث اب تک تین میچ منسوخ ہوئے۔ پاکستان بمقابلہ سری لنکا، جنوبی افریقہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش سری لنکا کے مابین میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکے۔