انگلینڈ نے نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز جیت لی
کرائسٹ چرچ:5ون ڈے کی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے میزبان نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز2-3سے جیت لی ۔ انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے49.5اوور ز میں223رنزبنا سکی۔ انگلینڈ نے اوپنر جونی بیئر اسٹو کی تیزرفتار اور سیریز میں مسلسل دوسری سنچری کی بدولت صرف3وکٹوں کے نقصان پر33ویں اوور میں 229رنز مکمل کرکے میچ اور سیریز اپنے نام کرلی ۔نیوزی لینڈ کاٹاپ آرڈر اچھی بیٹنگ نہیں کرپایا۔ اوپنر مارٹن گپٹل 47رنز بنا سکے تاہم مڈل اور لوئر آرڈر میں ہینری نکولس اور فاسٹ بولر مچل سینٹنر کی نصف سنچریوں کی بدولت ہی کیوی ٹیم قابل ذکراسکور کر سکی ۔ نکولس نے 55جبکہ سینٹنر نے67رنز کی اننگز کھیلی۔عادل رشید اور کرس ووکس نے3-3، ٹام کرن نے2وکٹیں لیں۔انگلش اوپنرز جونی بیئر اسٹو اور ایلکس ہیلز نے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو 155رنز کی ابتدائی شراکت فراہم کردی تھی۔ایلکس ہیلز نے61رنز بنائے، 58گیندوں پرسنچری مکمل کرنے والے جونی بیئر اسٹو6چھکوں اور9چوکوں کی مدد سے104رنز بنا کر ہٹ وکٹ ہو گئے۔کپتان این مورگن8رنز بنا کر آوٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین تھے، جوائے روٹ اور بین اسٹوکس نے با لترتیب 23اور 26رنز بنائے۔ٹرین بولٹ، مچل سینٹنر اور ایش سوڈھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز میں عمدہ بولنگ پر کرس ووکس کو مین آف دی سیریز جبکہ بیئر اسٹو کو انگلینڈ کیلئے تیسری تیز ترین سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔