پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد کے قریب ایک مسافر ٹرین اور مال گاڑی کے تصادم میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس میں تصدیق کی ہے کہ ٹرین کے ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ ہلاک ہو گئے ہیں تاہم مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ایک گھنٹے کے اندر ابتدائی رپورٹ سامنے آئے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسافر ٹرین جںاح ایکسپریس سگنل کراسنگ پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔
![](/sites/default/files/pictures/June/36511/2019/tryn.jpg)
ادھر پاکستان ریلوے کے ترجمان ریاض عباسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جناح ایکسپریس سہ پہرتین بجے کراچی سے روانہ ہوئی اور 5 بجے حیدرآباد پہنچی۔ ان کا کہنا تھا حادثہ کوٹری کے قریب حادثہ پیش آیا جب مسافر ٹرین اپنے ٹریک پہ کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹکر کے نتیجے میں جناح ایکسپریس کا انجن تباہ ہوگیا اور مسافر ٹرین کا ڈرائیور سید نعمان، اسسٹنٹ ڈرائیور یاسر بشیر اور فائرمین محمد اسلم ہلاک ہوگئے۔