سمجھوتہ ایکسپریس کے مسافروں کا لاہور اسٹیشن پربسیرا
رائے شاہنواز
پاک، ہند کشیدگی کے باعث لاہور سے جانے والی سمجھوتہ ایکسپریس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس نے جمعرات کی صبح 8 بجے لاہور ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونا تھا۔ عارضی معطلی کے باعث 45 کے قریب ہندوستانی مسافر اپنے ملک نہ جا سکے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر گرین لاونج میں بیٹھے مسافر قریب24 گھنٹوں سے موجود ہیں۔ . اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک مسافر خالد احمد نے بتایا کہ "میں کل 5 بجے سے اسٹیشن کراچی سے آکر بیٹھا ہوں کوئی ہماری بات نہیں سن رہا۔ افسر آکر کہتے ہیں آپ کوکل یا سوموار کے بھیجا جائے گا." انہوں نے شکوہ کیا کہ ہندوستان سے سمجھوتہ اٹاری تک آئی ہے اور اس کے مسافروں کو بس سے یہاں اسٹیشن تک لایا گیا لیکن ادھر سے ٹرین نہیں چلائی گئی۔ ہندوستان سے اٹاری کے راستے پاکستان نے پہنچنے والی عظمیٰ نے اردو نیوز کو بتایا کہ"ادھر سے اٹاری تک ہم ٹرین کے ذریعے آئے ہیں ادھر پتا چلا کہ پاکستان نے ٹرین بند کر دی ہے تو پھر ہمیں بس کے ذریعے یہاں تک لایا گیا"۔ دہلی سے آئے ایک ہندوستانی مسافر نے عبدالجید نے کہا کہ "پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس کو بند کیا ہے ہندوستان نے نہیں کیا آج ادھر سے ٹرین آئی ہے۔ پاکستان کے شہری تو آ گئے ہمیں بھی اپنے ملک بھیجا جائے۔ " لاہور ریلوے اسٹیشن کے گرین لاونج میں ہندوستانی مسافر بغیر سہولتوں کے بنچوں پر ہی رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور کھانے پینے کے کے لئے زیادہ پیسے نہیں۔ پاکستان ریلویز کے ایک اہلکار نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اوپر سے ہی احکامات آئے ہیں تاہم اعلی حکام کو صورت حال سے آگاہ کر دیا جو بھی فیصلہ ہو گا اسی پر عمل ہو گا۔