Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

استنبول میئر الیکشن: صدر اردوغان کے امیدوار نے شکست تسلیم کر لی

ہارنے والے امیدوار بینالی یلدرم سابق وزیراعظم ہیں۔ تصویر: اے ایف پی
ترک صدر رجب طیب اردوغان کی جماعت کو استنبول شہر کے میئر کے الیکشن میں شکست ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو حکومتی جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے امیدوار بینالی یلدرم نے اپنی ہار تسلیم کرتے ہوئے مخالف امیدوار اکرم امامغلو کو مبارکباد دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے استنبول میئر کے الیکشن کو ترکی میں حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی اور صدر اردوغان کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ میئر کا الیکشن تین ماہ قبل مارچ میں بھی منعقد ہوا تھا جس میں اکرم امامغلو جیت گئے تھے اور انہوں نے کام بھی شروع کر دیا تھا لیکن ترک صدر کی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو شکایت درج کرائی تھی۔
ترک الیکشن کمیشن نے غیر معمولی حالات کا بتاتے ہوئے شفافیت کے لیے استنبول شہر کے میئر کا انتخاب ازسر نو کرانے کا فیصلہ کیا۔
اے ایف پی نے ترک سرکاری خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کو ہونے والے انتخاب میں ڈالے گئے 95 فیصد ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے جس میں اپوزیشن کے امیدوار اکرم امامغلو نے 53 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے امیدوار بینالی یلدرم میئر کے الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ اے ایف پی

خبر رساں ادارے کے مطابق ہارنے والے امیدوار بینالی یلدرم نے کہا ہے کہ ’اب تک نتائج کے مطابق میرے مخالف اکرم امامغلو جیت رہے ہیں اور میں ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
یاد رہے کہ ہارنے والے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے امیدوار بینالی یلدرم ترکی کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔
استنبول کی شہری حکومت گذشتہ دو دہائیوں سے صدر اردوغان کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے پاس تھی۔
مبصرین اتوار کی شکست کو رجب طیباردوغان کے لیے بہت بڑا دھچکہ قرار دے رہے ہیں۔

شیئر: