انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بس حادثہ، کم از کم 33 افراد ہلاک، 22 زخمی
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بس حادثہ، کم از کم 33 افراد ہلاک، 22 زخمی
پیر 1 جولائی 2019 3:00
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مسافروں سے بھری بس کے کھائی میں گرنے سے کم از کم 33 افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح کشمیر کے علاقے کشتواڑ میں پیش آیا۔ اس میں زخمی ہونے والے سات افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق خستہ حال سڑکوں اور پہاڑی علاقے پر مشتمل جموں و کشمیر کی شمالی ریاست میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا ایسا حادثہ پیش آیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کشمیر کے ضلعے شوپیاں میں پیش آنے والے ایک حادثے میں 11 طلبا ہلاک ہو گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو حادثے کا شکار ہونے والی بس اوور لوڈڈ تھی۔
جموں و کشمیر کے گورنر ستیا پال ملک نے کہا ہے کہ بسیں چلانے والے زیادہ تر ڈرائیور غیر تربیت یافتہ ہیں اسی لیے انہوں نے ان کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے خبر رساں ادارے رؤئٹرز کو بتایا ’کشمیر میں زیادہ تر حادثات غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔
حکام کے مطابق انڈیا میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ لوگ روڈ حادثات میں مارے جاتے ہیں۔