Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کے کتنے اثاثے اور کہاں؟

الیکشن کمیشن نے ارکان قومی اسمبلی کے مالی سال 2019-2018 کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ عمران خان کے پاس 2 لاکھ مالیت کی چار بکریاں بھی موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ارکان قومی اسمبلی کے گوشواروں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  نے اپنی بنی گالہ اراضی کو تحفہ جبکہ زمان پارک لاہور کے مکان کو وراثت ظاہر کیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کے اثاثوں میں ڈالر، پاؤنڈ اور یورو اکاؤنٹس سرمایہ کاری کے طور پر ظاہر کیے گئے ہیں جن میں 3 لاکھ 31 ہزار 230 ڈالرز اور 2 ہزار 67 پاؤنڈز موجود ہیں۔
 وزیراعظم عمران خان 6.2 مربع  زرعی اور کمرشل اراضی کے مالک ہیں۔ وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی بنی گالہ میں 3 کنال کے گھر ،پاک پتن میں 431 کنال اور اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی کی مالکن ہیں۔

آصف زرداری 66 کروڑ جبکہ بلاول بھٹو زرداری 1 ارب 54 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں، تصویر: اے ایف پی

سابق صدر آصف علی زرداری 66 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اثاثوں میں دبئی کا اقامہ بھی ظاہر کیا ہے۔ آصف علی زرداری کے پاس 1 کروڑ روپے مالیت کے گھوڑے اور دیگر جانور بھی ہیں۔ سابق صدر نے 1 کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری 1 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، یوں ان کا شمار پاکستان کے امیر ترین ارکان اسمبلی میں ہوتا ہے ۔ بلاول بھٹو کے دبئی کے دو ولاز میں شیئرز بھی ہیں جنہیں انہوں نے تحفے اور وراثت میں ظاہر کیا ہے۔
اس بارے میں مزید پڑھیں:
نواز شریف اور عمران خان کے اثاثے
اقامہ رکھنا نہیں چھپانا جرم ہے،الیکشن کمیشن
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے نام پر 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں۔ شہباز شریف کی ایک اور اہلیہ تہمینہ درانی کے 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیں جبکہ شہباز شریف نے بیرون ملک بھی 14 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ شہباز شریف لندن میں ایک فلیٹ کے مالک بھی ہیں۔

شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے، تصویر: اے ایف پی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے 3 کروڑ 58 لاکھ روپے کے اثاثے، 8 کروڑ 73 لاکھ  روپے کا بینک بیلنس اور 25 لاکھ روپے کے پرائز بانڈز ظاہر کیے ہیں۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر  اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے 6 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سید خورشید احمد شاہ 6 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
تحریک انصاف حکومت کی کابینہ کے نوجوان وزیر مراد سعید کے پاس 36 لاکھ روپے نقد اور 15 تولے سونا ہے، یوں وفاقی وزیر موصلات مراد سعید کا شمار کم اثاثے رکھنے والے ارکان اسمبلی میں ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کے پاس 13 کروڑ 95 لاکھ  روپے کے اثاثے اور اڑھائی کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے۔

شیئر: