Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے پہلی حج پرواز آج ،مکہ روٹ پروگرام کا آغاز

پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز جمعرات سے ہو رہا ہے۔ پہلی پرواز نیو اسلام آباد ائیر پورٹ سے روانہ ہوگی۔ وفاقی مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور وفاقی وزیرہوا بازی غلام سرور خان عازمین حج کو الوداع کہیں گے۔
 وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق لاہور سے پہلی حج پرواز جمعرات کو روانہ ہوگی۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار عازمین کو رخصت کریںگے ۔کراچی اور پشاور سے پروازوں کا سلسلہ جمعہ سے شروع ہوگا۔واضح رہے کہ اس سال پہلی مرتبہ قومی ائیر لائن پی آئی اے کوئٹہ سے بھی براہ راست حج پروازیں شروع کررہی ہے۔حج فلائٹ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا۔
 کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 7 جولائی کو روانہ ہو گی جسے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری رخصت کریں گے۔ سیالکوٹ سے پہلی حج پرواز 10 جولائی کو روانہ ہو گی ۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان رخصت کریں گی۔ سکھر، ملتان ،کوئٹہ ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور رحیم یار خان سے پہلی حج پروازیں 5، 6، 7، 8، 10 اور 27 جولائی سے شروع ہو ںگی۔ رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ حج فلائٹ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا۔
دوسری طرف پاکستانی عازمین حج کی سہو لت کے لئے وفاقی دارالحکومت سے ” روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ” کا بھی جمعرات سے باقاعدہ آغاز ہورہا ہے ۔ بعد ازاں اس پائلٹ منصوبے کا دائرہ کار ملک کے دیگر ایئرپورٹس تک بڑھایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کے تحت پاکستانی حاجیوں کی امیگریشن اور کسٹمز کا عمل اسلام آباد ائیر پورٹ پر مکمل کر لیاجائے گا ۔پاکستانی عازمین کو سعودی عرب میں امیگریشن کے مراحل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔
 روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام کیا ہے؟
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو امیگریشن کی بہتر سہولت فراہم کرنے کی غرض سے تین برس قبل ’روٹ ٹو مکہ‘ کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔
تجرباتی طور پر اس پروگرام کا آغاز ملائیشیا کے 500 عازمین حج سے کیا گیا۔ پروگرام کے تحت ان عازمین کو امیگریشن کی سہولت ملائشیا کے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فراہم کی گئیں جس سے یہ فائدہ ہوا کہ جب عازمین جدہ کے بین الاقوامی حج ٹرمینل پر پہنچے تو انہیں امیگریشن کے لیے قطار میں نہیں لگنا پڑا۔
مکہ روٹ پروگرام کا تجرباتی مرحلہ کامیاب ہونے کے بعد سعودی عرب نے اس پروگرام کو مزید توسیع دی ہے۔
 مکہ روٹ پروگرام سے عازمین حج کے وقت کی بچت ہو گی اور انہیں سعودی عرب میں قطار میں نہیں لگنا پڑے گا۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پاکستان کی درخواست پر اسے بھی تجرباتی طور پر پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
پروگرام سے استفادہ کرنے والے عازمین کو امیگریشن اور کسٹم کے مراحل سے پاکستان میں ہی گزارا جائے گا، انہیں سعودی عرب پہنچنے کے بعد ان مرحلوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ رواں سال پاکستان میں یہ سہولت صرف اسلام آباد سے آنے والے محدود عازمین حج کے گروپ کو فراہم کی جا رہی ہے۔
 

شیئر: