’ٹریفک میں پھنسی‘ پرینیتی چوپڑہ کا سیلبرٹی کرش کون؟
اتوار 7 جولائی 2019 3:00
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
پرینیتی چوپڑہ سے ان کے مداحوں نے دلچسپ سوالات پوچھے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
ٹریفک جام میں پھنس جانا کسی اذیت سے کم نہیں ہوتا، ایسے میں جب کرنے کو کچھ نہ ہو تو وقت گزارنا اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ لیکن بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑہ نے اس کا حل نکال لیا۔
ہوا کچھ یوں کہ جب سنیچر روز پرینیتی ٹریفک جام میں پھنس گئیں تو انہوں نے اپنی بوریت مٹانے کے لیے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے سوال جواب کا سیشن شروع کردیا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’'ٹریفک میں پھنس گئی ہوں۔ سوال جواب کرنا چاہتی ہوں۔ #آسک پرینیتی۔'
بس پھر کیا تھا ٹوئٹر پر ’آسک پرینیتی‘ کے ہیش ٹیگ سے ٹرینڈ چل نکلا۔
پرینیتی کے فینز کو تو جو جیسے موقع مل گیا فوراً ہی سوالات کی بوچھاڑ کر ڈالی۔
ان کے مداح نے ان کی خوراک کے بارے میں سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت ساری قوت بخش غذا تاکہ ہم کھیل سکیں اور ورزش کر سکیں اور وہ ہلکی بھی ہوں تاکہ ہم چربی کم کرسکیں اور تاکہ دبلی لیکن پٹٔھے مضبوط ہوں۔
جوش کرشنا نامی ایک صارف نے پوچھا کہ پنیر یا چکن؟ جس پر انھوں نے بتایا 'میں سبزی خور ہوں۔'
جب پرینیتی سے پوچھا گیا کہ پرینکا چوپڑہ کے ساتھ آپ کون سی فلم کرنا چاہیں گی تو ان کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال سے ہمیں دو لڑکیوں پر مبنی ایک فلم کرنی چاہیے جس میں دونوں گانا گا سکیں۔۔'
ایک مداح نے پوچھا کہ اگر آپ کو ورون دھون کے ساتھ فلم کرنے کا موقع ملے تو کس طرح کی فلم کریں گی تو ان جواب تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ ہمیں کامیڈی کرنی چاہیے‘۔
پرینیتی چوپڑہ سے ان کے مداحوں نے جہاں ان کی پسند ناپسند کے حوالے سے سوال جواب کیے وہیں ایک فین نے ان سے سیلبرٹی کرش کا پوچھ ڈالا۔
پرینیتی نے بھی بغیر ہچکچائے سیف علی خان کا نام لیا۔ اب یہ انکشاف کرینہ کپور کو کیسا لگے گا یہ تو وہی بتا سکتی ہیں۔
پرینیتی چوپڑہ سے اور بھی کئی دلچسپ سوال پوچھے گئے۔ پرینیتی نے بتایا کہ سکوبا ڈائیونگ کے لیے ان کا پسندیدہ شہر پالاؤ ہے۔
ایک مداح نے پوچھا کیا آپ کے بیڈمنٹن کھیلنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا، جس پر انھوں نے کہا کہ ’اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہی ہوں۔ لیکن ورلڈ نمبر ون بننا بہت مشکل ہے۔'
اپنی زندگی کے بہترین حصے کے بارے میں بتاتے ہوئے پرینیتی نے لکھا کہ ’وہ تمام محبتیں جو مجھے میری فیملی، فرینڈز اور فینز سے ملیں۔ میری زندگی کے یہ تین ایف میرے لیے اہم ہیں۔‘
پرینیتی چوپڑہ سے جب پوچھا گیا کہ کون سی فلم ان کے لیے زیادہ چیلنجنگ ہے، ’سائنا بائیو پک‘ یا ’گرل آن دی ٹرین‘ تو انھوں نے بتایا کہ دونوں کے بارے میں وہ بہت نروس ہیں جس کی وہ وضاحت نہیں کر سکتیں۔
واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑہ کی آنے والی فلموں میں ایک سائنا نہوال پر مبنی بایوپک ہے اور دوسری 'گرل آن دی ٹرین'۔
پرینیتی کی فلم 'جبریہ جوڑی' آئندہ ماہ دو اگست کو ریلیز ہو رہی ہے۔