سینیٹر میر حاصل بزنجو فروری 1958 میں ضلع خضدار کی تحصیل نال میں بلوچستان کے سابق گورنر میر غوث بخش بزنجو کے گھر پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم خضدار اور کوئٹہ سے حاصل کی۔
1979 میں گورنمنٹ کالج کوئٹہ سے انٹر کیا اور کراچی چلے گئے جہاں جامعہ کراچی سے آنرز کرنے کے بعد فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
حاصل بزنجو نے 1970 کی دہائی میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے سیاست کا آغاز کیا۔ 1972 میں بلوچستان سٹودنٹ آرگنائزیشن (بی ایس او) نال زون کے صدر اور بعد میں تنظیم کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔ 1987میں بی ایس او اور بی ایس او عوامی کے اتحاد کے خلاف تنظیم سے علیحدگی اختیارکی۔
حاصل بزنجو جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف تشکیل دیے جانے والے قوم پرست اور ترقی پسند طلباء کے اتحاد یونائیٹڈ اسٹوڈنٹس موومنٹ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔
1985 تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی ) میں متحرک رہے۔ 1988میں بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
![](/sites/default/files/pictures/July/36486/2019/366307_34521169.jpg)