Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بس ہم چند لوگ ہی ہیں جو اتنے عرصے تک چلتے رہے: سلمان خان

سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شہرت مزید چند برسوں تک برقرار رکھ سکیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
اپنی دبنگ اداکاری سے سب کے دلوں پر راج کرنے والے سلمان خان کی شہرت کا کون معترف نہیں، مگر خود سلّو بھائی کا خیال ہے کہ ان کا سٹارڈم ایک نہ ایک دن ماند پڑ جائے گا تاہم وہ اسے مزید چند برسوں تک برقرار رکھ سکیں گے۔
فلم فیئر میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا 'اب  تک شاہ رخ، عامر، اککی (اکشے کمار) اور اجے (دیوگن) جیسے ہم ہی چند لوگ ہیں جو اتنا عرصہ چلتے رہے۔ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ چند سال اسے مزید برقرار رکھ سکیں۔'
یعنی اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سلو بھائی کا ماننا ہے کہ بالی وڈ میں ان سمیت پانچ سپر سٹارز ہیں۔

سلمان خان کی  فلم 'بھارت' نے ریکارڈ بزنس کیا۔  (فوٹو: اے ایف پی)

'جیسا کہ تمام سپرسٹارز کے ساتھ ہوتا ہے کہ ان کے باکس آفس کلیکشن میں آٹھ سے دس فیصد کی کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ لیکن ہمارے لیے ابھی اس کی ابتدا نہیں ہوئی ہے۔'
آپ کو بتاتے چلیں کہ سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم 'بھارت' نے تو کمائی کے نئے ریکارڈز قائم کیے لیکن عامر خان کی آخری فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' اور شاہ رخ خان کی فلم 'زیرو' زیادہ پسند نہ کی جا سکی۔

کنگ خان کی فلم ’زیرو‘ شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔ فوٹو:اے ایف پی

عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' کو بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے عمدہ اوپننگ ملی تھی یعنی اس فلم نے پہلے ہی دن 50 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا لیکن بعد میں زیادہ نہ چل سکی، فلم شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی جس پر مسٹر پرفیکٹ نے اپنے مداحوں سے معافی بھی مانگی۔

'ٹھگز آف ہندوستان' زیادہ بزنس نہ کرسکی جس پر عامرخان کو مداحوں سے معافی مانگنا پڑی۔ فوٹو:اے ایف پی

اجے دیوگن کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم 'ٹوٹل دھمال' نے جہاں 200 کروڑ کا بزنس کیا وہیں ان کی فلم 'دے دے پیار دے' جیسے تیسے 100 کروڑ کا ہندسہ ہی پار کر سکی۔ اسی طرح سلمان خان کی فلم 'ریس تھری' ان کی مقبولیت کے حساب سے کامیاب نہیں رہی تھی۔

اجے دیوگن کی فلم 'ٹوٹل دھمال' نے 200 کروڑ کا بزنس کیاتھا۔ فوٹو:اے ایف پی

بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم 'کیسری' نے بھی 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیاتھا۔

اکشے کمار کی فلم 'کیسری' نے 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کیاتھا۔ فوٹو:اے ایف پی

آپ کو بتاتے چلیں کہ اب بالی وڈ کے 'سلطان' ایکشن کرائم فلم دبنگ 3 میں نظر آئیں گے جس میں وہ ایک بار پھر چلبل پانڈے کا کردار نبھائیں گے۔ اس کے علاوہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'انشاء اللہ' میں سلمان خان عالیہ بھٹ کے ساتھ نظر آئيں گے۔
سلو بھائی سے جب ان دونوں کی عمروں کے فرق کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ عمر کے اسی فرق کو تو فلم میں دکھایا گيا ہے۔

شیئر: