بجلی کی بندش،نیویارک کا گنجان آباد علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا
بجلی کی بندش،نیویارک کا گنجان آباد علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا
اتوار 14 جولائی 2019 3:00
بجلی کی بندش کا یہ واقعہ 1977 میں ہونے والے ’بلیک آؤٹ‘ کے دن پیش آیا۔ تصویر: اے ایف پی
نیویارک کے گنجان آباد علاقے مین ہیٹن میں سنیچر کو بجلی کا نظام غیرفعال ہونے سے پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ بجلی کا نظام معطل ہونے سے براڈ وے تھیٹرز کو اپنے پروگرام منسوخ کرنا پڑے، سب وے اسٹیشنز پر ٹرینیں بھی رکی رہیں اور ٹائم سکوئر پر لگے بل بورڈ بھی جلتے بجھتے رہے۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کی سب سے بڑی پاور کمپنی کون ایڈیسن یوٹیلیٹی کے مطابق تقریباً 42000 صارفین کو شام سے ہی بجلی کی بندش کا سامنا تھا۔
میئر بل دی بلیسیو نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ’مین ہول میں لگنے والی آگ کی وجہ سے بجلی کا نظام معطل ہوا۔‘ تاہم، انہوں نے بعد میں سی این این کو بتایا کہ ابھی اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ نیویارک امریکہ کا سب سے بڑا شہر ہے اور اس کا شمار دنیا کے عظیم ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ نیویارک کاروباری سرگرمیوں، تجارت، تھیٹر، بلند عمارتوں کی وجہ سے اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔
دی بلیسیو کا کہنا تھا ’ایسا لگتا ہے کہ بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے شہر کے ایک حصے سے دوسرے حصے کو بجلی منتقل کرنے کے دوران کوئی خرابی پیدا ہوئی۔‘
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے سب وے سٹیشنز کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں سب وے کو مکمل تاریکی میں ڈوبے دیکھا جاسکتا ہے۔
نیویارک کی میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹوئٹر پیغام میں شہریوں نے التماس کی ’جب تک کون ایڈیسن کمپنی منہیٹن میں بجلی کا نظام فعال کرنے کے لیے کام کررہی ہے، ہم تمام افراد سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ زیرزمین سب وے سٹیشنز جانے سے گریز کریں۔‘
آگ بجھانے والے عملے کا کہنا تھا کہ وہ مدد کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں خصوصاً لفٹ میں پھنسے افراد کی شکایات پر کارروائی کررہے ہیں۔
نیویارک کے شہریوں نے سنیچر کو ہونے والی بجلی کے نظام میں خرابی کو کافی سنجیدگی سے لیا، کئی افراد اندھیرے میں ٹریفک کی رہنمائی کے لیے چوک میں کھڑے ہوگئے۔
واضح رہے کہ نیویارک میں بجلی کی بندش کا یہ واقعہ 1977 میں ہونے والے ’بلیک آؤٹ‘ کے دن پیش آیا ہے۔ 13جولائی 1977 کو نیویارک میں بجلی کی خرابی کی وجہ سے بلیک آؤٹ رہا جس نے شہر کی کاروباری سرگرمیوں پر اثرانداز ہوتے ہوئے معیشت کو متاثر کیا تھا۔