نیوزی لینڈ کو شکست، انگلینڈ کرکٹ کی دنیا کا نیا چیمپئین
اتوار 14 جولائی 2019 3:00
انگلینڈ بارہویں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا چمپئن بن گیا۔ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ نے لارڈز کے میدان میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 242 رنز کا ہدف دیا جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 50 اوورز میں 241 رنز بنا کر میچ برابر کر دیا۔ جس کے بعد آئی سی سی قوانین کے مطابق میچ کا فیصلہ سپر اوور سے ہوا۔
اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ میں فائنل میچ سپر اوور میں نہیں گیا۔
سپر اوورمیں کیا ہوا
انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس اور جوز بٹلر نے پہلے بیٹنگ کی۔نیوزی لینڈ کے ٹرنٹ بولٹ نے بولنگ کرائی۔سپر اوور کی پہلی گیند پر 3 رنز بنے ، دوسری گیند پر بٹلر ایک رن بنا سکے۔تیسری گیند پر اسٹوکس چوکا لگانے میں کامیاب رہے جبکہ چوتھی گیند پر سنگل لے کر بٹلر کو اسٹرائیک دی۔
پانچویں گیند پر بٹلر نے 2رنز بنائے آخری گیند پر چوکا لگا کر اسکور 15تک پہنچا دیا ۔نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ جیتنے کے لیے 16رنز کا ہدف دیا ہے۔
انگلینڈ کے گوفرا آرچر نے پہلی گیند وائیڈ کرائی۔ اس کے بعد کرائی گئی گیند پر 2 رنز بنے ، اگلی گیند پر نیشام نے چھکا لگایا۔تیسری اور چوتھی گیند پر2،2 رنز بنے۔پانچویں گیند نیشام نے ایک رن لے کر گپٹل کو اسٹرائیک دی تو نیوزی لینڈ کو میچ کی آخری گیند پر فتح کے لیے دو رنز درکار تھے۔سپر اوور کی آخری گیند پر ایک رن بن سکا۔ یوں میچ ایک مرتبہ پھر ٹائی ہو گیا تاہم زیادہ باؤنڈریز لگانے کے باعث انگلینڈ پہلی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے میں کامیاب ہو گیا۔
انگلینڈ کی بیٹںگ
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو کیوی ٹیم نے اٹیک بولنگ کی پالیسی اپنائی، چھٹے ہی اوور میں ہینری نے جیسن روئے کو 17 رنز پر آؤٹ کر کے اہم وکٹ حاصل کر لی۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد انگلش ٹیم پریشر میں آگئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیوی بولر گرینڈہوم نے صرف سات رنز پر روٹ کوآؤٹ کیا۔کپتان فرگوسن بھی ٹیم کو مشکل وقت میں سنبھالنے میں ناکام رہے اور صرف نو رنز پرکیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد بٹلر اور سٹوکس نے 110 رنز کی بہترین پارٹنر شپ کھیلی اور انگلش شائقین کرکٹ کو جیت کی امید دلائی۔45ویں اوور میں فرگوسن نے سٹوکس کو 59 رنز پر آؤٹ کر کے اہم پارٹنر شپ توڑی۔
ووکس صرف دو رنز ہی بنا پائے اور لیتھم کو فرگوسن کی گیند پر کیچ پکڑا دیا۔پلنکٹ دس رنز پر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔آرچر اور راشد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن،نیشم تین جبکہ ہینری اور گرینڈہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
نیوزی لینڈ نےٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کیوی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو ساتویں اوورمیں ووکس کی بہترین گیند پر اوپنر گپٹل 19 رنز بنا کرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان ولیمسن اور ہینری نکولس نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو 103 رنز تک پہنچایا۔کپتان ولیمسن 23ویں اوور میں پلنکٹ کے بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ہینری نکولس نے لارڈز کے میدان میں 55 رنز جوڑے انکو پلنکٹ نے آؤٹ کیا۔راس ٹیلر بھی اچھا پرفارم نہ کر سکے اور15 رنزہی بنا سکے انکو وڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔نیشم بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 19 رنز پر وکٹ گنوا دی۔گرینڈہوم بھی صرف 16 رنز ہی بنا سکے۔
لیتھم نے مشکل وقت میں ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 47 رنز کی اننگز کھیلی انکو ووکس نے آؤٹ کیا۔ہینری چار رنز بنا کر آرچر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے پلنکٹ،ووکس تین جبکہ وڈ اور آرچر نے نےایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی ٹیم چوتھی جبکہ کیویز دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔ اس سے قبل انگلینڈ 1979ء، 1987ء اور 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے۔
انگلینڈ کو 27 سال قبل فائنل میں پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ دوسری جانب کیوی ٹیم نے 2015ء میں ایک مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے میں نیوزی لینڈ نے انڈیا جبکہ انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ سیمی فائنل مرحلے سے قبل تک انڈیا اور آسٹریلیا ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیمیں سمجھی جا رہی تھیں اور بارہواں ورلڈ کپ جیتنے کیلئے پرعزم تھیں۔
ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں اس سے قبل اپنے اپنے لیگ میچوں میں پاکستان سے شکست سے دوچار ہو چکی ہیں۔