Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 اقامہ ممیزہ، کیا دستاویزات جمع کرانا ہوں گی؟

درخواست دیتے وقت  آخری 2برس کی بینک سٹیٹمٹ پیش کرنا ہوگی۔
 سعودی حکومت نے اقامہ ممیزہ (منفرد اقامے) کے اجراءکے لئے جاری کئی نکات کی وضاحت کی ہے۔
 واضح رہے کہ سعودی حکومت نے اقامہ ممیزہ کے امیدواروں کیلئے خصوصی مرکز قائم کر دیا ہے۔ اس مرکز نے درخواست دہندگان کو نئی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امیدوار سعودی عرب میں مقیم ہو یا مملکت میں قیام کر چکا ہو تو اسے اقامے کی کاپی یا اس کا فوٹو درخواست سے منسلک کر نا ہو گا۔ 
مقیم غیر ملکی کو منفرد اقامہ کی درخواست دیتے وقت متعلقہ بینک سے تصدیق شدہ  آخری 2برس کی بینک سٹیٹمٹ بھی پیش کرنا ہوگی۔
درخواست دہندہ کو موجودہ پتے کی تفصیلات اور اہل و عیال مملکت میں ہونے کی صورت میں ان کے کوائف بھی جمع کرانے ہوں گے۔
ملکیتی دستاویزات کی تصدیق شدہ اسکین کرائی گئی تصاویر اور اپنے ادارے سے تنخواہ کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔یہ ادارے سے تصدیق شدہ ہو اور اس پر اس کی مہر بھی لگی ہو۔اقامہ ممیزہ کے امیدوار کو انوسٹمنٹ اکاونٹ سٹیٹمنٹ بھی درخواست کے ساتھ جمع کرانی ہو گی۔
دستاویزات کی اسکین کردہ تصاویر بھی دینا ہوں گی۔ علاوہ ازیں چارٹرڈ اکاونٹنٹ سے چیک کرائے ہوئے مالیاتی گوشواروں کی تصاویر بھی پیش کرنا ہوں گی۔ امیدوار کو اپنی اور اہل و عیال کی تصاویر بمعہ پاسپورٹ جمع کرانی پڑیں گی۔
اقامہ ممیزہ کے مرکز کے مطابق تمام دستاویزات عربی یا انگریزی میں پیش کرنا ہوں گی یا ان کا منظور شدہ تصدیق شدہ ترجمہ دینا ہوو گا ۔ یہ ترجمہ دونوں زبانوں میں سے کسی ایک میں کرایا جا سکے گا۔
منفرد اقامہ مرکز نے پاسپورٹ سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے بتایا کہ پاسپورٹ میں درج معلومات اور امیدوار او ر اس کے اہل و عیال کے پاسپورٹ کے پہلے صفحہ کی اسکین شدہ تصویر دینا ہو گی اسی طرح سعودی عرب میں آمد کے ویزے والے صفحات اسکین کر کے پیش کرنا ہوں گے۔ اگر امیدوار سعودی عرب میں ہو یا مملکت پہلے آچکا ہو تو ایسی حالت میں اسے گزشتہ 15برس تک مملکت میں آمد والے ویزے کے صفحات اسکین کر کے دینا ہوں گے۔ 
منفرد اقامہ مرکز نے تنخواہ والے سرٹیفکیٹ کی بابت مزید بتایا کہ یہ نئی تنخواہ پر مشتمل ہو اور ایوان صنعت و تجارت سے تصدیق شدہ ہو۔ 
اقامہ مرکز کے مطابق اگر امیدوار نے کسی ادارے سے قرض لیا ہوا ہو تو ایسی صورت میں قرضہ دینے والے ادارے سے قرضہ سرٹیفکیٹ کی فوٹو کاپی دینا ہو گی۔ اسی طرح قرضے سے متعلق بینک گارنٹی کی بھی اسکین شدہ تصویر جمع کرانی ہو گی۔
 واضح رہے کہ سعودی حکومت نے منفرد اقامے کی 2قسمیں متعارف کرائی ہیں۔ ان میں سے ایک وہ ہے جس کی فیس زندگی میں صر ف ایک مرتبہ ادا کرنا پڑتی ہے جو کہ 8لاکھ ریال ہے۔
دوسری قسم سالانہ منفرد اقامے کی ہے اس کی سالانہ فیس ایک لاکھ ریال متعین ہے۔ 
اقامہ مرکز نے آن لائن کارروائی کے لیے مکمل ویب سائٹ ’سیپرک‘ کے نام سے قائم کی ہے۔ امیدوار اس پر نہ صرف اقامے کی درخواست پیش کرسکیں گے بلکہ مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ فیس بھی آن لائن ادا کی جا سکے گی۔ اس ویب سائٹ سے منفرد اقامہ قانون سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

شیئر: