آج بس سیدھی سادی تیکھی سی بات ہو گی۔ خیر ہمارے پاس تو وقت کے علاوہ کوئی متاع نہیں ہے لیکن امید کرتے ہیں کہ آپ کے پاس زندگی کا کوئی بہتر مصرف ضرور ہو گا۔
آپ کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ صبح سے مسلسل فون سکرین کو تکنے کی وجہ سے ہمارا سر اور آنکھیں یوں بھی بھاری ہیں۔ لہٰذا قوی امکان ہے کہ ہم دونوں کا وقت بچنے کے قریب قریب ہے۔
ہمیں جب اس جریدے کے لیے لکھنے کا کہا گیا تو سب سے پہلا مسئلہ یہی درپیش آیا کہ یہاں تو ڈائریکٹ بات کرنی پڑے گی۔ کوئی ہیر پھیر نہیں چلے گا۔ جو گگلی ہم پہلے کراتے آئے ہیں یہاں اس پر کوئی کمپرومائز نہیں چلے گا۔
خیر ہمارے پاس کھونے کو ہے بھی کیا۔ زیادہ سے زیادہ ٹوئٹر اور کالم پر گالم گلوچ ہو جائے گی۔ نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر ہم پر کیچڑ اچھالا جائے گا۔ ہمارے کردار کی دھجیاں اڑائی جائیں گی۔ ہماری تصاویر پر پھبتیاں کسی جائیں گی۔ وہ اکاؤنٹ جو نہ تو اپنا نام استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی اپنی شکل، ہمیں لفافہ لینے کا طعنہ دیں گے۔ ہمارے ماں باپ کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ وٹس ایپ گروپوں میں ہمارا نام ازراہ تفنن لیا جائے گا۔
بس یہی ہو گا کیونکہ یہی ہوتا آیا ہے۔ جس معاشرے کی اخلاقی برتری پر ہمیں بڑا مان اور غرور ہے اس کی اصل حقیقت یہی ہے۔
شاید ہمارا قصور صرف اختلاف رائے نہیں بلکہ رائے رکھنا ہے۔ ایک عورت ہونے کے باوجود اپنی ذات کا ادراک رکھنا ہے۔ اپنے ارد گرد کے مسائل اور ناانصافیوں پر آواز اٹھانا ہے۔ معاشرے نے عورت کے لیے زباں بندی کے جو معیار مقرر کیے ہوئے ہیں ان سے بغاوت کرنا ہے۔ جہاں چھوٹی بچیوں کو بھی یہ کہا جاتا ہے کہ کوئی کچھ بھی کہے آواز نہیں اٹھانی وہاں عمر کے اس حصے میں بھی صدا بلند کرنا ہے۔ سفید کو سیاہ اور سیاہ کو سفید ماننے سے انکار کرنا ہے۔
اگر خدا لگتی کہیں تو یہ صرف ہمارا ہی نہیں بلکہ ہر اس عورت کا قصور ہے جو شعور رکھتی ہے۔ جو اپنے ارد گرد مروجہ روایات پر جی حضوری نہیں کرتی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شاید یہی ہمارے معاشرے کا واحد حصہ ہے جہاں پیسے اور عہدے کی بنیاد پر تفریق نہیں۔ آپ کا تعلق جس بھی معاشی طبقے سے ہو یہ ذلت آپ کا مقدر ہے بلکہ ہو سکتا ہے کہ اس صورت میں یہ بوچھاڑ مزید تیز ہو جائے کیونکہ وہ لوگ جو یوں تو آپ کو کچھ کہنے سے قاصر ہیں اس صورت حال میں اپنے اندر بھرا تمام زہر انڈیل پائیں گے۔
مزید پڑھیں
-
زندگی مرنے اور سماج جینے نہیں دیتاNode ID: 422796
-
عائشہ جہانزیب کا کالم:کیا سب پاکستان کا قصور ہے؟Node ID: 425076
-
عائشہ جہانزیب کا کالم: کتنے مسائل کا شکار ہے آج کا مردNode ID: 425701