Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا عمران ٹرمپ ملاقات میں کردار

’ملاقات کی دعوت طے کرانے میں سعودی ولی عہد کا براہ راست تعاون تھا‘۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے اعلیٰ حکام کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات طے کرانے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نےاہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پیر کو ہوگی۔ عمران خان سنیچر کو سرکاری دورے پر امریکہ پہنچے تھے۔ 
عرب نیوز کے مطابق جب یہ پوچھا گیا کہ کیا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خان ٹرمپ ملاقات کے لیے کلیدی کردار ادا کیا تو پاکستان کے دفتر خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار کا کہنا تھا کہ ’بالکل‘۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا اور اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی کیونکہ وہ وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان نہیں ہیں۔

’ملاقات کی دعوت  طے کرانے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا براہ راست تعاون تھا‘۔(فوٹو:اے ایف پی)

عمران خان کی کابینہ کے ایکن سینیئر رکن نے بھی سعودی ولی عہد کے ملاقات طے کروانے میں ان کے کردار کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ’ انہوں نے ملاقات طے کروانے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو استعمال کیا۔‘
کشنر کی محمد بن سلمان سے دوستی اور تعاون اتنا مضبوط ہے جس کی وجہ سے ٹرمپ کو یہ ماننا پڑا کہ سعودی عرب امریکہ کے اتحادیوں میں سے ان کا سب سے اہم پارٹنر ہے اور اب یہ دوستی پاکستان کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے۔
دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) عابد راؤ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’عمران خان کے دورے کا مقصد پاک امریکہ تعلقات میں سردمہری ختم کرنا ہے۔ دورے کے دوران کولیشن سپورٹ فنڈ کی واپسی کی درخواست بھی کی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں امریکہ نے پاکستان کی جانب سے شدت پسند عسکری گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائیاں نہ کرنے پر 30 کروڑ ڈالرز کی امداد منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد امریکہ کی جانب سے روکی جانے والی امداد 800 ملین ڈالر ہوگئی تھی۔

’سعودی ولی عہد نے  ملاقات طے کروانے کے لیے ٹرمپ کے داماد کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو استعمال کیا۔‘(فوٹو:اے ایف پی)

ایئر مارشل (ر) عابد راؤ کا کہنا تھا کہ عمران خان اس بات پر زور دیں گے کہ پاکستان امداد لینے میں نہیں بلکہ امریکہ کے ساتھ تجارت میں دلچسپی رکھتا ہے جس سے دونوں کو مشترکہ طور ہر فائدہ ہوگا۔
دفاعی ماہرین کے گروپ کے سربراہ کیپٹن سلطان حالی کہتے ہیں کہ عمران خان ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں افغانستان کے معاملے پر کھل کر بات کریں گے۔ انہیں ٹرمپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے اور کسی پریشانی کے بغیر بات کرنے کا اہل ہونا چاہیے۔ کیپٹن سلطان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ٹرمپ کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات بھی بڑھانے چاہئیں۔
واضح رہے کہ عمران خان امریکی کانگریس کے نمایاں ممبران سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ اتوار کو واشنگٹن میں 19،000اوورسیز پاکستانیوں سے بھی خطاب کریں گے۔

شیئر: