انڈین میڈیا میں یہ بات گردش کر رہی ہے کہ پاکستانی کرکٹر حسن علی بھی ظہیر عباس، محسن حسن خان اور شعیب ملک کی راہ پر گامزن ہیں۔
حسن علی کو ایک انڈین لڑکی پسند آ گئی ہے جس کا نام شامیہ آرزو بتایا جا رہا ہے۔
اس پر حسن علی نے اسلام آباد سے اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کہ انڈین لڑکی کے ساتھ ان کی شادی کا معاملہ زیر غور ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال انہیں دونوں خاندانوں کی جانب سے حتمی رضامندی کا انتظار ہے۔
لاہور سے اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق حسن علی کے انتہائی قریبی دوست اور کرکٹ کوچ عطاالرحمان وڑائچ نے تصدیق کی ہے کہ حسن علی کا نکاح آئندہ ماہ کی 20 تاریخ کو دبئی میں ہو گا۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید معلومات دینے سے معذرت کر لی ہے۔

حسن علی ویسے تو تعارف کے محتاج نہیں لیکن ان کی ہونے والی دلہن اگر انڈیا سے ہوں تو اس میں کرکٹ شائقین کو دلچسپی ضرور ہو گی۔
اںڈیا کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کے ذریعے دبئی میں ہوئی۔
جبکہ انڈیا کے مشہور ہندی اخبار دینک جاگرن نے لکھا ہے کہ شامیہ دہلی کے نواح میں ہریانہ ریاست میں میوات کے علاقے نوح کے چندولی گاؤں کی رہنے والی ہیں۔

شامیہ کے والد اور سابق بی ڈی پی او لیاقت علی نے روزنامہ امر اجالا کو بتایا کہ ان کی بیٹٰی کی شادی 20 اگست کو ہو گی۔ 17 اگست کو ان کے گھرانے کے 10 افراد دبئی جا رہے ہیں جن میں شامیہ کے علاوہ، بیٹا اکبر علی، بیوی رئیسہ، داماد الطاف حسین، بیٹی بلقیس، بھائي انیس علی، بیٹی ممتاز اور کشور جہاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیٹی کی شادی تو کرنی ہے چاہے انڈیا میں ہو یا پھر پاکستان میں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقسیم کے وقت ان کے رشتہ داروں سمیت بڑی تعداد میں لوگ پاکستان چلے گئے تھے، آج بھی ان سے باتیں ہوتی رہتی ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق شامیہ آرزو نے انگلینڈ سے انجینیئرنگ کی ہے جبکہ ہندی روزنامہ امر اجالا کے مطابق انھوں نے دہلی سے ملحق ہریانہ کے شہر فرید آباد کی مانو رچنا یونیورسٹی سے ایروناٹیکل انجینیئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی۔ پہلے جیٹ ایئرویز میں ملازمت کی اور گذشتہ تین سال سے وہ امارات ایئرلائنز کے ساتھ وابستہ ہیں اور فلائٹ انجینیئر ہیں۔
نوح کے علاقے میں کئی گھرانوں کی شادی پاکستان میں ہوئی ہے لیکن یہ شادی اس لیے سرخیاں حاصل کرنے والی ہے کیونکہ یہ ایک ہائی پروفائل شادی ثابت ہو گی۔
مزید پڑھیں
-
’حسن علی مزاحیہ اور محمد حفیظ سب سے سنجیدہ کھلاڑی‘
Node ID: 422191
لیاقت علی نے مزید بتایا کہ 'ہندوستان کی تقسیم کے وقت پاکستان کے سابق پارلیمان اور پاکستان ریلوے بورڈ کے چیئرمین سردار طفیل عرف خان بہادر اور میرے دادا سگے بھائی تھے۔ ان کا خاندان فی الحال ضلع قصور کی کچی کوٹھی نائیکی میں رہتا ہے۔ ان کے ذریعے ہی شامیہ کا رشتہ طے ہوا ہے۔
پاکستانی کرکٹرز کی انڈیا میں شادیاں
اگر یہ شادی ہوتی ہے تو یہ انڈیا پاکستان کے درمیان کسی کرکٹر کی چوتھی بڑی شادی ہو گی۔ پہلی شادی ظہیر عباس نے ثمینہ عباس سے کی، جبکہ دوسری محسن خان کی اداکارہ رینا رائے سے ہوئی تھی۔ شعیب ملک کی انڈیا کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے تیسری شادی ہوئی اور اب باری حسن علی اور شامیہ آرزو کی ہے۔

حسن علی نے انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور چار میچوں میں حصہ لیا۔ انھوں نے نو ٹیسٹ، 53 ون ڈے انٹرنیشنل اور 30 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
حسن علی نے گذشتہ برس لاہور میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی منانے کا روایتی انداز بھی اپنایا۔ ان کے اس انداز کو جہاں کرکٹ شائقین اور لوگوں نے پسند کیا وہیں سوشل میڈیا پر خاص طور پر انڈیا میں لوگوں نے اس پر ناپسندگی کا بھی اظہار کیا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ واہگہ سرحد پر حسن علی کو اس طرح جوش دکھانے کی ضرورت نہیں تھی۔
انڈین ریاست ہریانہ کی شامیہ آرزو اور حسن علی کی شادی کی خبروں پر پاکستانی اور انڈین کرکٹ شائقین کے سوشل میڈیا پرتبصرے بھی جاری ہیں۔ دونوں جانب سے حسن علی اور شامیہ آرزو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
انڈین ٹوئٹر ہینڈل نونیت مندھرا نے شادی کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ حسن علی، شعیب ملک، محسن خان اور ظہیر عباس کے بعد انڈیا سے شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہوں گے۔
Pakistani pacer Hasan Ali is set to tie the knot with an Indian girl Shamia Arzoo on August 20. Shamia belongs to Haryana and is currently working with Emirates Airlines.
Before Hasan, Shoaib Malik, Zaheer Abbas, Mohsin Khan are other Pakistan cricketers who married Indian girls
— Navneet Mundhra (@navneet_mundhra) July 30, 2019
مشکل لگتا ہے کہ سوشل میڈیا کسی بات کا ذکر کرے اور اس میں شرارت یا طنزیہ انداز نہ ہو، یہاں بھی کچھ ایسا ہی ہوا جب ٹوئٹر ہینڈلز نے حسن علی کے نئے رشتے کا ’لیول‘ تلاش کرنا چاہا۔ مریم نامی ہینڈل نے لکھا کہ ’حسن علی امارات میں کام کرنے والی ایک فلائٹ انجینیئر سے شادی کر رہے ہیں، مطلب لیول‘۔
Hasan ali's marrying a flight engineer working in Emirates. Matlab levellll
— Maryam (@BefourMaryam) July 30, 2019
سماجی رابطوں کے صارفین نئے رشتے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد شامیہ آرزو سے متعلق زیادہ سے زیادہ تفصیل جاننے کے خواہاں دکھائی دیے۔ ہریانہ سے تعلق، اہل خانہ سمیت دبئی میں سکونت، امارات ایئر لائن کی ملازمت، برطانیہ سے تعلیم اور خاندان کے کچھ لوگوں کے دہلی میں مقیم ہونے کی اطلاعات بھی حسن علی کی شادی میں دلچسپی رکھنے والوں کی ٹائم لائنز پر گردش کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر کچھ ہینڈلز نے تنقید نما تجاویز میں کہا کہ حسن علی پاکستان سے ہی شادی کر لیتے، تاہم صارفین کی خاصی تعداد ان کے فیصلہ کی حامی اور ناقدین سے نالاں دکھائی دی۔ نور نامی ٹوئٹر ہینڈل نے شامیہ کو اپنی قوم میں خوش آمدید کہتے ہوئے لکھا کہ حسن علی اگر انڈین پنجاب کی ایک لڑکی سے شادی کر رہے ہیں تو اس سے آپ لوگوں کو کیا مسئلہ ہے؟
If Hasan Ali is marrying a girl from Indian Punjab, why is this bothering the rest of you?
It's his life and the girl is welcome to be a part of our nation.
— × Noor × (@KitabLeaks) July 30, 2019