حسن علی آئی سی سی ورلڈ رینکنگ میں نمبر ون بولر بن گئے
دبئی:آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی، عمران طاہر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی مرتبہ عالمی نمبر ون بولر بن گئے جبکہ پاکستانی آل راونڈر محمد حفیظ نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کی جگہ آل راونڈر کے طور پہلی پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈویلیئرز کو بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے نوجوان کرکٹربابراعظم 2 درجے ترقی پا کر بیٹسمینوں میں چوتھے نمبر پر آگئے۔پاکستان ٹیم رینکنگ میں بدستور چھٹے نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ حسن علی چیمپئینز ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے اور وہ اس وقت سال کے سب سے کامیاب ون ڈے بولر بھی ہیں جبکہ بابر اعظم نے حال ہی میں لگاتار 5 ایک روزہ میچوں میں سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔حسن علی نے اپنے 24 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی ہے ۔عالمی کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق حسن علی 743 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ حالیہ میچوں میں ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ان کی درجہ بندی میں 6 درجوں کی بہتری آئی ہے۔23 سالہ حسن علی سری لنکا نے سری لنکا کے خلاف ابوظبی ون ڈے میں بیک وقت تین اہم سنگ میل عبور کئے۔اس میچ میں انھوں نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے5 وکٹیںلیں، سال میں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنے اور سب سے کم ون ڈے میچوں میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے پاکستانی بولر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔حسن علی نے اس میچ میں 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اس طرح اس سال 16 ون ڈے میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے ا ور وہ افغانستان کے راشد خان اور انگلینڈ کے لیام پلنکٹ سے آگے نکل گئے ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بہترین آل راونڈر کی فہرست میں محمد حفیظ دو درجہ ترقی پاکر ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن پر آگئے جب کہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے نمبر پر ہیں۔محمد حفیظ نے پہلی بار یہ اعزاز جنوری 2013 ءمیں حاصل کیا تھا اور 9 بار انھیں نمبر ایک آل راونڈر قرار دیا جا چکا ہے ۔ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ پہلے، ہند دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔