حج آپریشن کی تیاریاں مکمل، مقدس مقامات میں امدادی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا
سعودی عرب میں ہنگامی صورت حال میں امدادی کارروائی کرنے والے ادارے محکمہ شہری دفاع نے حج 2019 کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
محکمہ شہری دفاع کے منصوبے کے مطابق حج مقامات میں حجاج کے رہائشی خیموں کے بلاکس میں متعدد اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جہاں فائر فائٹرز کے علاوہ شہری دفاع کے دیگر امدادی یونٹس متعین کئے گئے ہیں۔گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی موٹر سائیکلوں پر فائر فائٹرز کی ڈیوٹیاں مختلف شاہراہوں پر لگائی جائیں گی جبکہ خصوصی امدادی یونٹ کے اہلکاروں کو مختلف مقامات پرتعینات کیا گیا ہے۔ موبائل یونٹس کے علاوہ عارضی یونٹس کا شہری دفاع کے مرکزی کنٹرول روم سے رابطے کو یقینی بنایا گیا ہے۔
حج کے دوران امدادی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کئے گئے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شہری دفاع بریگیڈئر سلیمان العمرو نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کی روشنی میں عازمین حج کو ہر طرح کا آرام اور سہولت فراہم کرنے کیلئے پوری طرح مستعد ہیں۔ حجاج کرام کوبہترین خدمت فراہم کرنا اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
محکمہ شہری دفا ع کے مرکزی دفتر میں ریجنل ڈائریکٹرز کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حج مقامات اور حرمین شریفین میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ تمام ریجنل اداروں کے سربراہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
دوسری طرف عاجل ویب نیوز کے مطابق حج مقامات کے علاوہ حرمین شریفین میں بھی شہری دفاع کے اہلکاروں کے اضافی یونٹس مختلف مقامات پر متعین کر دیئے گئے ہیں ۔
ڈائریکٹر جنرل شہری دفاع کوحج مقامات میں کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ منصوبے کے مطابق حج مقامات میں اضافی عملہ متعین کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر پیش کی جانے والی امدادی کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایام حج سے قبل شہری دفاع کے اضافی یونٹس کو مکہ مکرمہ ، حرم کعبہ اور حج مقامات میں متعین کیا گیا ہے جبکہ مقدس شہر میں عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کے علاقے میں بھی شہری دفاع کے عارضی یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔