پاکستانی حاجی جس کا خواب بکھرنے سے بچ گیا!
مدینہ منورہ.... مدینہ منورہ کی زیارت کے دوران پاکستانی حاجی پر دل کا دورہ پڑا تو وہ اسے اپنے حج کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے سے رکتا نظر آیا۔ اسے ایسا لگا کہ اس نے یہ سفر جس مقصد کیلئے کیا تھا وہ پورا نہیں ہوسکے گا۔ پاکستانی حاجی عمر کے پانچویں عشرے میں ہے۔ دل کا دورہ پڑنے پر اسے جراحت قلب کے مرکز میں داخل کیا گیا۔ اطباءنے معائنہ کرکے انجیو گرافی کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی حج مشن سے اس کے اہل خانہ کو مسلسل یہ اطلاعات ملتی رہیں کہ وہ حاجیوں کے کارواں میں شامل نہیں ہوسکے گا۔ یہ سن کر اس کی بیوی امید کا دامن ہاتھ سے چھوڑنے لگی تاہم جب وہ اپنے شوہر کو دیکھنے کیلئے آئی سی یو پہنچی اور ڈاکٹروں سے اپنے خاوند کی بابت سوالات کئے تو یہ سن کر خوشی کے مارے زارو قطار رونے لگی کہ آپ کے شوہر کے دل کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام مناسک حج معمول کے مطابق ادا کرسکیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے بزرگ پاکستانی عازم حج کے خواب کو بکھرنے سے روک دیا۔ آج پیر کو پاکستان عازم حج مرکز جراحت قلب سے فارغ کردیا جائیگا۔