حوثیوں کو شکست ہو رہی ہے ،دمام پر حملے کا دعوی جھوٹ ہے،سعودی عرب
جران اور جیزان میں 15فوجی ٹھکانوں پر قبضے کا دعویٰ بھی سراسر غلط ہے ۔
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے دمام کے فوجی ٹھکانے پر حملے سے متعلق حوثیوں کا دعویٰ مسترد کردیا اور اسے سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہ نجران اور جیزان میں سعودی عرب کے 15فوجی ٹھکانوں پر قبضے کا دعویٰ بھی سراسر غلط ہے ۔
عاجل نیوز ویب کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے یہ بیان حوثی باغیوں کے ان دعوﺅں کے جواب میں دیا ہے جن میں انہوں نے کہا تھا کہ جدید بیلسٹک میزائل سے سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے دارالحکومت دمام کے فوجی ٹھکانوں پر کامیاب حملہ کیا ہے۔
حوثیوں کے ماتحت المسیرةچینل جمعہ کو پورے دن یہ دعویٰ کرتا رہا کہ سعودی عرب کے انتہائی اہم مقام پرپہلی مرتبہ طویل مار والے بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا۔حوثیوں کے ترجمان بریگیڈئیر یحییٰ سریع نے کہا تھا کہ دمام میں سعودی عرب کے اہم فوجی ٹھکانے پر بیلسٹک میزائل داغا گیا۔یہ حملہ انتقامی کارروائی کے طور پر کیا گیا۔
ترکی المالکی نے وضاحتی بیان میں کہا کہ’ حوثیوں کو جنگ کے مختلف محاذوں پر ہر دن شکست پر شکست ہو رہی ہے ۔انہوں نے فیصلہ کن طوفان کے آغاز سے لیکر اب تک کسی بھی مقام پر کوئی پیشرفت حاصل نہیں کی۔حوثی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کےلئے فتوحات کی من گھڑت کہانیاں ذرائع ابلاغ کو جاری کر رہے ہیں‘ ۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے گزشتہ 3روز کے دوران جیزان اور نجران میں 15سعودی ٹھکانوں پر قبضے سے متعلق حوثیوں کے دعوے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ قبضے کی بات ایسے وقت میں کر رہے ہیں جبکہ عرب اتحاد کی مدد سے یمنی فوج صعدہ اور حجہ سے 10کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ گئی ہے ۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حوثیوں اور ان سے ہمدردی رکھنے والے ذرائع ابلاغ کے دعوے من گھڑت ہیں ، فرضی ہیں ، حقیقت سے انکا کوئی تعلق نہیں ۔