ابہا ایئر پورٹ اور جازان میں تنصیبات پر ڈرون حملہ ناکام
ریاض: ابہا ایئر پورٹ اور جازان میں تنصیبات کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ناکام بنادی گئی ۔ سعودی فضائیہ نے حوثیوں کی جانب سے کیا گیا ڈرون گرادیا ۔اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ آج بدھ کو صبح 7بجکر40منٹ پر ابہا ایئرپورٹ کی سلامتی پر مامور فضائیہ کے رڈار پر ابہا ایئر پورٹ کی طرف آنے والا ڈرون ریکارڈ کیاگیا۔احتیاطی تدابیر کے طور پر حکام نے ایئرپورٹ آنے اور جانے والی پروازوں کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا اور ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو شہری ہوا بازی کے عالمی قوانین کے مطابق گرادیا۔
ایئرپورٹ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے بعد پروازوں کی آمد ورفت بحال کردی گئی۔ادھر جازان میں بدھ کو صبح 7بجکر30منٹ پر ایک اہم تنصیب پر ڈرون حملہ کیا گیاجسے سعودی فضائیہ نےناکام بنادیا۔ ذرائع کے مطابق تباہ ہونے والے دونوں ڈرونز ایک جیسے ہیں۔ کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ایران کی پشت پناہی میں کام کرنے والی حوثی ملیشیا شہری آبادی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ہم اس دہشت گردانہ حملے کی جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔