Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کے چار، انڈیا کے پانچ فوجی ہلاک‘

پاکستان کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر انڈین افواج کی فائرنگ سے ایک اور فوجی ہلاک ہوا ہے۔  گذشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ ایل او سی پر ہلاک ہونے والے پاکستانی فوجیوں کی تعداد تین جبکہ جوابی کارروائی میں انڈیا کے پانچ فوجی مارے گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تصاویر بھی ٹویٹ کی ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’انڈیا کی افواج نے اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ تیز کر دی ہے۔ جس میں تین پاکستانی سپاہی مارے گئے جبکہ پاکستان کی فوج نے مؤثر جوابی کارروائی میں پانچ انڈین فوجی ہلاک کر دیے۔‘
فوج کے ترجمان نے کہا کہ جوابی کارروائی میں کئی انڈین فوجی زخمی اور ان کے بنکرز تباہ کیے گئے۔ مارے جانے والے پاکستانی فوجیوں میں نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کنٹرول لائن پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعہ کو ایک اور ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر انڈین فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ایک اور سپاہی کا نام محمد شیراز ہے۔ 
اس حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر سیزفائر کی خلاف ورزی پر انڈیا کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو طلب کر کے احتجاج کیا گیا ہے۔ 
دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق انڈیا کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر 12 اگست کو عیدالاضحٰی کے موقع پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انڈیا کشمیر کے تنازعے سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ہم انڈیا کی ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

شیئر: