ایمن الظواہری نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کی قیادت سنبھالی تھی، فوٹو: اے ایف پی
شدت پسند تنظیم القاعدہ نے الزام لگایا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی اہلیہ کو ایک برس سے گرفتار کر رکھا ہے۔
پاکستانی حکام کی جانب سے القاعدہ کے دعوے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آ یا۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعے کو القاعدہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے قریباً ایک برس قبل شمالی وزیرستان میں فضائی حملوں کے بعد فرار ہوتے ہوئے الظواہری کی اہلیہ کو گرفتار کیا تھا۔
خیال رہے کہ مصر سے تعلق رکھنے والے ایمن الظواہری نے دو مئی 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کی قیادت سنبھالی تھی۔
القاعدہ کی قیادت سنبھالنے کے بعد ایمن الظواہری نے آٹھ جون 2011 کو اپنے ویڈیو پیغام میں امریکہ کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ اقاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد ان کے اہل خانہ کو پاکستانی حکام نے گرفتار کر لیا تھا۔
پاکستانی حکام نے اسامہ بن لادن کے خاندان کو تحویل میں لینے کے بعد ان پر پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا الزام عائد کیا اور ان پر مقدمہ چلایا گیا۔
نامعلوم مقام پر کئی ماہ کی نظر بندی کے بعد اسامہ بن لادن کی تینوں بیویوں اور بچوں کو اسلام آباد کے ایک گھر میں منتقل کر دیا گیا اور اسے سب جیل قرار دے دیا گیا۔
2012 میں اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کو پاکستان بدر کر دیا گیا، انہیں ایک خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان سے سعودی عرب روانہ کر دیا گیا تھا۔