Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے ٹیلی فون پر انڈیا کے زیرانتطام کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل کی توجہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت تبدیل کیے جانے کے بعد وہاں انڈین فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب دلائی۔
وزیر خارجہ نے انتونیو گوئتریس کو بتایا کہ کشمیر میں گذشتہ بیس روز سے مکمل لاک ڈاؤن اور ذرائع مواصلات پر پابندی عائد ہے۔ کشمیر میں انڈیا کے یک طرفہ اقدامات کے باعث خطے میں امن و امان کی صورت حال خراب ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اٹھائے گئے انڈیا کے یک طرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ صورت حال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں انڈین اپوزیشن کے وفد کو سری نگر ایئر پورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے، تصویر: اے ایف پی

وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے کشمیر کے حوالے سے جو رپورٹس سامنے آ رہی ہیں وہ انتہائی تشویش ناک ہیں، وہاں انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

انہوں نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کو انڈین بربریت سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے کشمیر میں کئے گئے یک طرفہ اقدامات کو پاکستان، کشمیری عوام اور انڈین اپوزیشن کے بہت سے رہنما یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئتریس کا کہنا تھا کہ وہ اس تشویش ناک صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

شیئر: