حوثیوں نے سعودی عرب پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب سب سے بڑا میزائل حملہ کیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق حوثی صعدہ سے جازان کے شہریوں اور سول تنصیبات کو نشانہ بنا رہے تھے ،عرب اتحاد نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی انہیں روک کر تباہ کر دیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حوثیوں نے یمن کے صعدہ صوبے سے جازان کے شہریوں اور سول تنصیبات پر چھ میزائلوں سے حملے کی کوشش کی تھی جو عرب اتحاد نے ناکام بنا دی۔
ترکی المالکی نے ایک اور بیان جاری کر کے بتایا کہ حوثیوں نے پیر کی صبح صنعاء سے سعودی عرب پر حملے کیلئے دوڈرونز بھیجے تھے، راستے ہی میں روک کر تباہ کر دئیے گئے۔
ترکی المالکی نے ان دونوں حملوں پر الگ الگ تبصرہ کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ حوثی دہشتگرد میزائلوںاور ڈرونز کے ذریعے آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ، ان کی یہ حرکتیں بین الاقوامی انسانی قانون کے سراسر منافی ہیں۔ حوثیوں کے یہ حملے ان کی مجرمانہ ذہنیت کا عملی ثبوت ہیں۔سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد حوثیوں کے میزائل اور ڈرونز حملوں کو ناکام بنانے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔
عرب اتحاد حوثیوں کے جنگی جرائم اور دہشتگردانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کیلئے ایسے تمام اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے جن سے حوثیوں کو جارحیت سے حتمی طور پر روکا جا سکے ۔