بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور جنوبی افریقہ کے سابق معروف کرکٹر ہرشل گبز کے درمیان ٹوئٹر پر دلچسپ جملوں کا تبادلہ چلتا رہا، جس سے صارفین ہی نہیں بلکہ کرکٹر خود بھی محظوظ ہوتے رہے۔
تبصروں کے تبادلے کا سلسلہ بلے باز ہرشل گبز کی ایک ٹویٹ سے ہوا جس میں انہوں نے اپنے شائقین کو گڈ مارننگ کا پیغام دیا۔
’صبح سویرے کے پرندے ٹویٹ (چہچہا) کر رہے ہیں تو میں بھی ٹویٹ کرتے ہوئے آپ کو گڈ مارننگ کہتا ہوں۔‘
اس ٹویٹ کو کرکٹ کے شائقین نے تو پسند کیا ہی لیکن ساتھ ہی ٹوئٹر نے خود بھی لائیک کیا۔ ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے کہ ٹوئٹر خود کسی کی ٹویٹ لائیک کرے۔
ٹوئٹر کا ہرشل گبز کی ٹویٹ لائیک کرنا ہی تھا کہ کرکٹر خوشی سے پھولے نہ سمائے اور انہوں نے اپنے جذبات شائقین کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ایک اور ٹویٹ کر ڈالی جس کے بعد عالیہ بھٹ بھی میدان میں کود پڑیں۔
ہرشل گبز نے ایک لڑکی کی تصویر شیئر کی جس میں وہ مسکراتے ہوئے شکریے کا اظہار کر رہی ہیں، لیکن کرکٹر کو یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ لڑکی کوئی اور نہیں بلکہ بالی وڈ کی مشہور اداکارہ اور نامور ڈائریکٹر مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ ہیں۔
ان کی اس پوسٹ پر شائقین نے تبصرے شروع کر دیے اور کرکٹر سے سوال کیا کہ کیا وہ پوسٹ میں لڑکی کو جانتے بھی ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ان کو قطعاً آئیڈیا نہیں کہ یہ لڑکی کون ہے۔
یہ معلوم ہونے کے بعد کہ پوسٹ میں لگی لڑکی کوئی عام نہیں بلکہ بالی وڈ اداکارہ ہیں تو انہوں نے ایک اور ٹویٹ کر ڈالی جس میں انہوں نے عالیہ بھٹ کو ٹیگ کر کہ پوسٹ میں ان کی تصویر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے معلوم نہیں تھا کہ آپ ایک اداکارہ ہیں۔‘
اس کے بعد عالیہ بھٹ نے بھی ایک اور پوسٹ کر ڈالی جس میں وہ خود چوکا لگنے کا اشارہ کر رہی ہیں، جس پر کرکٹر نے ان کو یاد کروایا کہ وہ چوکے نہیں بلکہ چھکے مارتے ہیں۔
ہرشل گبز نے تین دن سے جاری دلچسپ ٹویٹس کے تبادلوں پر ایک اور ٹویٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ پچھلے چند گھنٹے کافی مزاحیہ رہے لیکن سب اچھے جذبات میں۔