مساجد کے تعمیراتی کوڈکی بدولت پانی اور بجلی کا خرچ محدود ہوجائے گا،عبداللطیف الفوزان
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ مساجد کا تعمیراتی کوڈ نہ صرف یہ کہ سعودی عرب بلکہ دنیا کے گوشے گوشے میں پائی جانے والی اور مستقبل میں بنائی جانے والی مساجد کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت میں اصلاح و مرمت اور تعمیراتی منصوبو ں کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اسامہ الجفال نے بتایا کہ مساجد کے تعمیراتی کوڈ سے سعودی تعمیراتی کوڈ کی تکمیل ہوئی ہے۔
مساجد کی تعمیر کیلئے عبداللطیف الفوزان ایوارڈ کی مجلس عاملہ کے چیئرمین نے عاجل سے گفتگو میں کہا کہ مساجد کے تعمیراتی کوڈکی بدولت پانی اور بجلی کا خرچ محدود ہوجائے گا۔سعودی مساجد میں سالانہ 9ارب ریال کی بجلی خرچ ہورہی ہے جبکہ سعودی مساجد سالانہ 1.3ارب ریال لاگت کا پانی خرچ کررہی ہیں۔
مجلس عاملہ کے چیئرمین عبداللہ الفوزان نے بتایا کہ سعودی عرب کے بیشتر شہروں اور قصبوں میں مساجد منصوبہ بندی کے بغیر تعمیر کی جارہی تھیں۔ اسی وجہ سے انکی شکل و صورت کے اندر مطلوبہ توازن نہیں۔تعمیراتی کوڈ کے بعد یہ مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ آئندہ مملکت میں جتنی بھی مساجد قائم ہونگی وہ تعمیراتی کوڈ کے مطابق ہونگی۔ فن تعمیر کے اصولوں پر ہونگی۔
عبداللطیف الفوزان ایوارڈفن تعمیر کے اصولوں پر پوری طرح سے مکمل اترنے والی مساجد کو ہر تین سال پر ایوارڈ جاری کرے گا۔ یہ ریسرچ کرنے والا ادارہ ہے۔ یہ دنیا بھر کی مساجد سے متعلق تعمیراتی معلومات کا ڈیٹا بھی جمع کرے گا۔
الفوزان نے بتایا کہ مساجد کے تعمیراتی کوڈ کی بدولت مملکت کے مختلف شعبوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔ یہ نہایت اہم رہنما منصوبہ ہے۔
شہزادہ سلطان بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب نے مساجد کی تعمیر کا کوڈ تیار کرکے اہم تمدنی کارنامہ انجام دیا ہے۔ اسکی بدولت نئی مساجد کی تعمیر اور پرانی مساجد کی اصلاح و مرمت معیاری انداز میں ممکن ہوگئی ہے۔ مساجد کے تعمیراتی کوڈ میں ہر علاقے کی ثقافتی اور تعمیراتی خصوصیات کو بھی سمو دیا گیا ہے۔اس سے مساجد کی تعمیر میں دنیا بھر کے لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے ۔
شہزادہ سلطان جمعرات کو ریاض میں مساجد کے کوڈ پر منعقدہ اس ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کیا ہے۔
ورکشاپ میں اصلی کوڈ پر ہر پہلو سے بحث ہورہی ہے۔ یہ بنیادی طور پر 6کوڈز کا مجموعہ ہے۔
تعمیراتی منصوبہ بندی کا کوڈ
تعمیراتی ڈیزائن کوڈ
ٹیکنالوجی کوڈ
آپریشن اور اصلاح و مرمت کا کوڈ
آرائشی اشیاء کا کوڈ
قوانین و ضوابط کا کوڈ
شہزادہ سلطان بن سلمان نے رمضان 1440ھ کے دوران خصوصی تقریب میں مساجد کی تعمیر کے کوڈ کا افتتاح الدرعیہ کی مسجد الطویھرہ میں کیا تھا۔
شہزادہ سلطان نے کہا کہ مساجد کی تعمیر کا کوڈ تیار کرنے میں وزارت اسلامی امور ، عبداللطیف الفوزان تعمیرات مساجد ایوارڈ جنرل سیکریٹریٹ کا کردار بیحد اہم ہے۔ دیگر افراد اور اداروں نے بھی اس میں قابل قدر کاوشیں صرف کی ہیں۔وزارت اسلامی امور نے کوڈ کی تیاری میں 50سے زیادہ ماہرین تعمیرات کی خدمات حاصل کیں۔