اردن کے شاہ عبداللہ ثانی کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ
اردن اور قطر کے تعلقات کی بحالی کے بعد پہلی مرتبہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے اتوار کو ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا۔
آرٹی کے مطابق اردنی ایوان شاہی نے اعلان کیا ہے کہ شاہ عبداللہ ثانی نے امیر قطر شیخ تمیم حمد بن آل ثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ا ردن اور قطر کے تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے مفادات کے حصول میں معاون تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ عبداللہ الثانی نے یہ رابطہ قطر کی جانب سے عمان میں نئے سفیر کی تقرری کے اعلان کے بعد کیا ہے ۔اردن نے بھی دوحہ میں اپنا سفیر نامزد کر دیا ہے ۔خلیجی بحران برپا ہونے کے بعد 2برس سے دونوں ممالک سفارتی نمائندگی کا درجہ کم کئے ہوئے تھے ۔
جون 2017ء میں اردن نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اردن نے مصر ، سعودی عرب ، امارات اور بحرین کے ساتھ قطری بحران کے تناظر میں سفارتی تعلقات کی سطح گھٹا دی تھی ۔عمان میں الجزیرہ چینل کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا تھا۔
خلیجی بحران کا آغاز مئی میں ہوا تھا۔
اس حوالے سے سعودی اور اماراتی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ امیر قطر تمیم بن حمد نے ایران کے ساتھ عمدہ تعلقات کے قیام کی بات کہی ہے اور حزب اللہ کے حق میں تعریفی کلمات کہے ہیںتاہم حکومت قطر نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطر کے خبر رساں ادارے کو ہیک کر کے بیان جاری کیا گیا۔امیر قطر نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔