اردن اور قطر نے 2برس بعد نئے سفیر نامزد کردیے
اردن اور قطر نے 2برس کی سرد مہری کے بعد نئے سفیر نامزد کردئیے۔اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی نے اردنی دفتر خارجہ کے سیکریٹری جنرل زید اللوزی کو قطر میں اپنے ملک کا سفیر نامزدکردیا ۔
قطر کے خبر رساں ادارے قنا اور عالمی ایجنسیوں کے مطابق قطر نے شیخ سعود بن ناصر بن جاسم آل ثانی کو اردن میں اپنا سفیر متعین کر دیا۔
دو برس قبل اردن نے قطر میں سفارتی درجہ کم کر دیا تھا ۔اردن نے یہ فیصلہ قطر کے خلاف سعودی عرب ، امارات ،بحرین اور مصر کے اقتصادی بائیکاٹ کے تناظر میں کیا تھا۔
اردن نے 7جون 2017ءکو قطر سے اپنا سفیر بلالیا تھا۔اس وقت اردنی حکومت کے ترجمان اور وزیر اطلاعات محمد المومنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ فیصلہ قطر کے ساتھ چاروں عرب ممالک کے بحران کے اسباب کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔
حکومتی ترجمان نے کہا تھا کہ اردن نے مصر ، سعودی عرب ، امارات اور بحرین کی جانب سے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کئے جانے کے فےصلے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا ۔اردن نے مناسب سمجھا کہ قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کر دئےے جائیں اور اردن میں الجزیرہ چینل کے اجازت نامے ضبط کر لئے جائیں۔
اس وقت اردنی وزیر اطلاعات نے یہ بھی بیان دیا تھا کہ حکومت اردن امید کرتی ہے کہ افسوسناک مرحلہ خیر سے گزر جائے اور فریقین کے درمیان بحران ٹھوس بنیادوں پر حل ہو جائے ۔
یاد رہے کہ سعودی عرب ، مصر ، امارات اور بحرین نے 5جون 2017ءکو قطر کے سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا اور اس پر الزام لگایا تھا کہ وہ کئی عرب ملکوں میں دہشتگردی کی سرپرستی کررہا ہے۔ خلیجی ممالک کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہے ۔