Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین قسم کی گاڑیاں درآمد کرنے پر پابندی

سعودی محکمہ کسٹم نے پابندی لگائی ہے کہ درآمد شدہ گاڑی 5سال پرانی نہ ہو
سعودی عرب میں تین قسم  کی استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صارفین تحفظ کمیٹی نے ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ میں واضح کیا ہے کہ  ٹیکسی کے طور پر چلنے والی گاڑیاں ، پولیس کے استعمال میں رہنے والی گاڑیاں اور رینٹ اے کار  سعودی عرب میں درآمد نہیں کی جاسکتیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہریوں کے علاوہ غیر ملکیوں کو اس بات کی اجازت ہے کہ وہ امریکہ اور یورپ کے علاوہ دیگر ممالک سے استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کریں۔ سعودی شہری استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرکے یہاں فروخت کرسکتے ہیں جبکہ غیر ملکی بیرون ملک سے درآمد شدہ گاڑی ذاتی استعمال میں لاسکتے ہیں۔

سعودی محکمہ کسٹم نے استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرنے کیلئے مختلف شرائط رکھی ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہے

سعودی محکمہ کسٹم کے قوانین کے مطابق قانون اس بات کی پابندی عائد کرتا ہے کہ درآمد شدہ گاڑی 5سال سے زیادہ پرانی نہ ہو جبکہ ہیوی  وہیکلز10سال سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہئے۔ اس شرط سے استثنیٰ تاریخی گاڑیوں کو ہے  جو 30سال تک پرانی بھی ہوسکتی ہیں۔
شرائط کے مطابق درآمد شدہ گاڑی سعودی عرب میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے معیار کے مطابق ہو۔ اس کی تمام دستاویزات موجود ہوں اور چیسسز نمبربھی ہو۔

تحفظ صارفین کمیٹی نے رینٹ اے کار، پولیس کار اورٹیکسی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے نقصانات سے آگاہ کیا ہے

صارفین تحفظ کمیٹی نے اس سلسلے میں نئی پابندی عائد کی ہے۔ اس کی بناپر  ٹیکسی اور رینٹ اے کار کے طو رپر چلنے والی گاڑیاں بہت زیادہ زیر استعمال رہتی ہیں جن کی وجہ سے انکی فرضی عمر کم ہوجاتی ہے۔ صارفین  تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے اس حوالے سے دھوکہ کھا جاتے ہیں جبکہ پولیس کے زیر استعمال رہنے والی گاڑیاں بہت زیادہ چلنے کے علاوہ ان میں سیکیورٹی نظام نصب ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ تینوں قسم کی گاڑیوں کی  درآمد پر پابندی عائدکردی گئی ہے۔

شیئر: