سعودی وزارت توانائی و صنعت و معدنیات نے 14ارب ریال سے زیادہ لاگت کی 419 نئی فیکٹریوں کے لائسنس جاری کر دئے ۔ان سے 24ہزار افراد کو روزگار ملے گا ۔نئی فیکٹریوں کا تعلق صنعت کے مختلف شعبوں سے ہے ۔
اخبار24کے مطابق سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی ساما نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نئی فیکٹریوں پر 14.3ارب ریال لاگت آئے گی اور 24ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع مہیا ہوں گے ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معدنیات کی فیکٹریوں کےلئے 67لائسنس جاری کئے گئے ان کی مجموعی لاگت 948ملین ریال ہو گی ۔خوراک مصنوعات تیار کرنیوالی فیکٹریوں کےلئے 65لائسنس جاری ہوئے ۔ ان پر 1.8ارب ریال لاگت آئے گی ۔
2018ءکے اختتام پر سعودی عرب میں لائسنس یافتہ فیکٹریوں کی مجموعی تعداد 8442تک پہنچ گئی ۔ ان فیکٹریوں میں کام کرنے والوں کی مجموعی تعداد6لاکھ15ہزار ہے ۔نئی فیکٹریوں کا عملہ اس میں شامل نہیں ۔
سعودی کابینہ نے منگل کے اجلاس میں وزارت توانائی و صنعت و معدنیات کا نام تبدیل کر دیا ہے ۔اب اسکا نیا نام صنعت و معدنیات ہے ۔توانائی کی وزارت سے صنعت اور معدنیات کو الگ کرکے نئی وزارت تشکیل دے دی گئی ہے ۔ یہ اس فیصلے پر عمل درآمد نئے مالی سال سے ہو گا ۔