Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیوی کی تعریف کرنا شاندار کام ہے‘

’میری پوسٹ پسند نہیں تو مجھے ان فالو کردیں‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
مشہور پوپ موسیقار اور اداکار جسٹن بیبر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اہلیہ ہیلی بیلڈون سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک پوسٹ میں ان کی خوبصورتی کی تعریف کی جس پر انہیں ایک صارف نے لیکچر دے ڈالا۔
نو عمری میں ہی شہرت کی بلندیاں چھونے والے موسیقار جو اب تک کئی سکینڈلز کی زد میں آچکے ہیں نے گذشتہ سال امریکی ماڈل ہیلی کے ساتھ منگنی اور پھر خفیہ شادی کی تھی۔
شادی کی خبریں منظرعام پر آنے کے بعد گلوکار نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ہی اس کی تصدیق بھی کی تھی۔

جسٹن بیبر کی  امریکی ماڈل ہیلی بیلڈون کے ساتھ خفیہ شادی کی خبریں منظرعام پر آئی تھیں۔(انسٹاگرام)

گذشتہ روز جسٹن بیبر نے انسٹاگرام اپنی اہلیہ کی میک اپ کے بغیر تصویر شیئر کی اور ان کی خوبصورتی کو سراہا جس پر ایک سوشل میڈیا صارف نے طنز کیا کہ جسٹن بیبر اس پوسٹ سے اپنے مداحوں کو یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی بیوی سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
تبصرے میں صارف نے کہا کہ ’آپ کو ایسا کرنے کی ضرورت نہیں۔ اگر آپ واقعی ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں تو دوسروں کو یہ دکھانے اور بتانے کی کوشش کرنے کے بجائے خود اس سے لطف اٹھائیں اور اپنی زندگی جیئیں۔‘
25 سالہ جسٹن بیبر نے اس تبصرے پر فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلی جواب دیا۔
جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر جو کچھ شیئر کرتے ہیں یہ ان کا ذاتی فعل ہے اور انہیں بن مانگے مشورے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے اپنے جواب میں لکھا ’اپنی بیوی کی تمام لوگوں کے سامنے تعریف ایک شاندار اور قابل احترام عمل ہے۔ مجھے آپ نے فالو کیا ہے میں نے کسی کو زبردستی ایسا کرنے کے لیے نہیں کہا۔ یہ میری زندگی ہے، اگر آپ کو وہ پسند نہیں جو میں اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتا ہوں تو مجھے ان فالو کر دیں۔‘
جسٹن بیبر کی اہلیہ 22 سالہ امریکی ماڈل بھی اس گفتگو کا حصہ بن گئیں اور انہوں نے تبصرہ کیا کہ اس سب (گفتگو) سے وہ شرما رہی ہیں۔
یاد رہے کہ جسٹن بیبر نے حال ہی میں اعتراف کیا ہے کہ وہ ذہنی تناؤ کی وجہ سے گذشتہ برسوں میں نشہ آور منشیات کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

شیئر: