Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈین چاند گاڑی کا سراغ مل گیا‘

چاند گاڑی رواں سال اگست میں چاند کے مدار میں داخل ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی خلائی تحقیقاتی ٹیم (اسرو) کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے خلائی مشن چندریان ٹو کے تحت خلا میں بھیجی گئی گاڑی ’وکرم لینڈر‘ کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
انڈیا کے خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اسرو کے چیف اور خلائی سائنسدان ڈاکٹر کے سیون نے کہا کہ چاند گاڑی وکرم لینڈر کے چاند کی سطح پر ہونے کا پتا چلا ہے، تاہم ابھی تک اسے سے کوئی رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔
خیال رہے کہ انڈیا کی جانب سے ’وکرم لینڈر‘ کو رواں سال جولائی میں خلا میں چھوڑا گیا تھا اور یہ ایک ماہ بعد 20 اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہوئی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے خلائی مشن نے ہفتے کو چاند پر لینڈنگ کرنا تھی تاہم چاند سے صرف دو کلو میٹر کی دوری پر زمین کے ساتھ اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔
انڈیا اس خلائی مشن کے ذریعے امریکہ، روس اور چین کے بعد چاند پر پہنچنے والا چوتھا ملک بننے کے لیے پُرامید تھا لیکن انڈین وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر حکام کی امیدوں پر پانی اس وقت پھرا جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ سب کچھ منصوبے کے مطابق نہیں ہو رہا تھا۔

انڈیا کا یہ مشن خلا میں جولائی میں چھوڑے جانے کے ایک ماہ بعد رواں سال 20 اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

ہفتے کو مشن کی متوقع لینڈنگ سے چند منٹ قبل انڈیا کی خلائی تحقیقاتی تنظیم (اسرو) میں تناؤ کا ماحول تھا مگر پھر اسرو کے چیئرمین ’کے سیون‘ نے اعلان کیا کہ لینڈنگ سے قبل مشن کے ساتھ رابطہ ختم گیا ہے جس کے ساتھ ہی ہر طرف مایوسی پھیل گئی۔
توقع کی جا رہی تھی کہ انڈین وقت کے مطابق یہ خلائی مشن رات 1:30 بجے سے 2.30 بجے کے درمیان چاند کے جنوبی قطب پر لینڈنگ کرے گا لیکن اسرو کے چئیرمین نے بتایا کہ چاند پر لینڈنگ سے 2.1 کلومیٹر کی دوری تک انڈیا کی خلائی گاڑی ’وکرم‘ بالکل معمول کے مطابق کام کر رہی تھی تاہم پھر اس کا زمینی رابطہ ختم ہوگیا۔
سیون نے یہ بھی بتایا کہ ’وکرم‘ کے ساتھ رابطہ منقطع ہونے کے حوالے سے اسرو میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس اعلان کے بعد مودی نے سیون سے کہا کہ ’آپ نے اب تک جو کچھ کیا ہے وہ بھی کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔‘
مشن کی ناکامی کے بعد مودی نے اسرو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کو اپنے سائنسدانوں پر فخر ہے، آپ لوگ پتھر پر لکیر کرنے والے لوگ ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ جتنا قریب جا سکتے تھے گئے، ہماری امید ختم نہیں ہوئی ہے، آگے بڑھیں۔ سپیس پروگرام کا یہ مشن ضرور مکمل ہوگا۔ ہم سائنسدانوں کے خاندانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔‘ 
اس سے قبل دنیا کا کوئی بھی ملک چاند کے اس حصے پر نہیں گیا۔ خلائی مشن کی لینڈنگ کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی اسرو کے ہیڈ کوارٹر میں موجود تھے۔

شیئر: