کویت کے ایوان شاہی نے اعلان کیا ہے کہ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اتوار کو طبیعت اچانک ناساز ہوجانے پر طبی معا ئنے کے لیے اسپتال میں داخل کردیئے گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے واشنگٹن میں ملاقات ملتوی کردی گئی۔
اخبار 24کے مطابق کویتی ایوان امیرشیخ علی جراح الصباح نے بتایا کہ امیر کویت امریکہ کے ایک اسپتال میں طبی معائنے کے لیے داخل ہوگئے۔ اسی وجہ سے امریکی صدر سے ملاقات ملتوی ہوئی ہے۔ ملاقات کا وقت بعد میں متعین کیا جائے گا۔
اس سے قبل کویت کے ایوان امیر نے 18اگست کو اطلاع دی تھی کہ 90سالہ شیخ صباح بیمار ہوگئے تھے اب صحت یاب ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کویت میں طبی معائنے کی رپورٹیں مثبت رہیں۔اس کے باوجود امیر کویت کی صحت کے بارے میں افواہوں کا بازار گرم رہا۔ آخر میں کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم نے اطمینان دلایا کہ امیر کویت کے مرض کے بارے میں افواہیں من گھڑت ہیں۔ حال ہی میں انہیں جو بیماری لاحق ہوئی تھی اس سے وہ صحت یاب ہوگئے ہیں۔