یہ برٹش ایئرویز کے پائلٹس کی جانب سے اپنی نوعیت کی پہلی ہڑتال ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانوی ایئر لائن برٹش ایئرویز(بی اے) کے پائلٹس کی جانب سے دو روزرہ ہڑتال کے پہلے روز ایئرلائن کو اپنی تقریباً تمام پروازیں منسوخ کرنا پڑی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برٹش ایئرویز کے پائلٹس نے پیر کو انتظامیہ کے ساتھ تنخواہ کے تنازعے پر دو روزہ ہڑتال شروع کر دی۔ ایئر لائن کے مطابق ہڑتال کے پہلے روز برطانیہ کے ایئرپورٹس سے بی اے کی تمام پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔
روئٹرز کے مطابق برٹش ایئرویز جوکہ بین الاقوامی ایئرلائز گروپ کا حصہ ہے، نے برطانیہ کے ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس سے اور ان ایئر پورٹس آنے والے 1700 فلائیٹس منسوخ کر دیں۔ منسوخ کی گئی فلائیٹس پیر اور منگل کے لیے تھیں۔
دو روزہ ہڑتال برٹش ایئرویز کے پائلٹس کی جانب سے اپنی نوعیت کی پہلی ہڑتال ہے۔
برٹش ایئرویز کے چیف ایگزیکٹیو ایلکس کروز نے بی بی سی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ پائلٹس کی جانب سے ذاتی مفادات پر مبنی ایکشن نے ہمیں اس صورتحال سے دوچار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ’پائلٹس کی جانب سے یہ اقدام کسی بھی طرح سے دکھیں تو ذاتی مفادات پر مبنی ہے اور اس سے کسٹمرز متاثر ہو رہے ہیں، ہمارا برانڈ متاثر ہو رہا ہے اور یہ ہمارے باقی ساتھیوں کو متاثر کر رہا ہے۔‘
برٹش ایئرویز نے اپنے پائلٹوں کی تنخواہوں میں 11.5 فیصد اضافے کی پیش کش کر رکھی ہے۔ ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آفر کردہ اضافے سے ایئرلائن کے پائلٹس سب سے زیادہ کمانے والے کیپٹنز میں شامل ہو جائیں گے اور ان کی سالانہ آمدنی دو لاکھ پونڈ سے بڑھ جائے گی۔
اس وقت ایئرلائن کے پائلٹس اوسطاً 90 ہزار پونڈز سالانہ کماتے ہیں۔ لیکن برٹش ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (بالپا) چاہتی ہے کہ ایئر لائن انتظامیہ پائلٹس کے ساتھ منافع بھی شیئر کریں۔
بالپا کے سیکٹری جنرل برین سٹراٹن کا کہنا ہے ’برٹش ایئرویز اچھے وقت سے گزر رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس منافع کو ہمارے ساتھ شیئر کیا جائے جس طرح ایئر لائن کے برے وقت کو ہم نے ایئرلائن کے ساتھ شیئر کیا۔‘
بالپا کے سیکٹری جنرل پہلے کہ چکے ہیں کہ پائلٹس کمپرومائز کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم بالپا اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔
گذشتہ ہفتے ایئرلائن نے بالپا کی جانب سے ایک پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پیشکش آخری وقت میں کی گئی اور غیرمتوازن ہے۔ بالپا نے کہا تھا کہ اگر ان کی پیشکش پر ان سے بات چیت شروع کی گئی تو وہ ہڑتال کو موخر کر سکتے ہیں۔
بی اے کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا ہے کہ ایئرلائن پائلٹس کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 11.5 فیصد اضافے کی پیشکش مناسب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ہڑتال برٹش ایئرویز کا ہے اس لیے یہ معاملہ آئی اے جی نہیں بلکہ ایئرلائن ہی حل کرے گی۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پائلٹوں کی ہڑتال کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے ہم یہ نہیں بتا سکتے کہ کتنے افراد کام پر آئیں گے اور وہ کونسا طیارہ چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے پاس اپنی 100 فیصد پروازوں کو منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
پائلٹس منگل کو بھی اپنی ہڑتال جاری رکھیں گے اور انہوں نے 27 ستمبر کو بھی ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے اور پھر ممکنہ طور تنازع برقرار رہنے پر پر سردیوں کی چھٹیوں کے قریب دوبارہ ہڑتال کرسکتے ہیں۔